گوئٹے مالا: لینڈ سلائیڈنگ سے 73 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
لاطینی امریکی ملک گوئٹے مالا میں حکام نے کہا ہے کہ ایل كیمبرے گاؤں کے مکانوں پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 73 ہو گئی ہے۔
یہ مقام دارالحکومت گوئٹے مالا سٹی سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں تقریباً 350 افراد چٹانوں اور مٹی کے تودوں تلے لاپتہ ہیں۔
جمعرات کی شب لگاتار تیز بارش کے نتیجے میں وادی میں موجود گھروں پر کئی ٹن مٹی کے تودے اور چٹانیں گر گئی تھیں۔
امدادی ٹیمیں جاسوس کتوں کی مدد سے ملبے کے نیچے پھنسے زندہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
ایک سرکاری ترجمان جولیا بریرا نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے اب تک 26 افراد کو بچا لیا ہے۔
جائے حادثہ پر ایک ہزار سے زیادہ تعداد میں امدادی کارکن موجود ہیں اور مرنے والوں کی تدفین کر رہے ہیں۔
گوئٹےمالا کی ہنگامی سروسز کونریڈ کے ترجمان جولیو سانچیز نے کہا ہے کہ امریکہ اور میکسیکو نے امداد کی پیشکش کی ہے لیکن انھیں ضرورت پڑنے پر استعمال کے لیے روک کر رکھا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک امدادی کارکن نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ابتدائی 72 گھنٹوں کے بعد زندہ بچنے والوں کی امید کم ہے اور مٹی کے تودے تلے دبے لوگوں کے بچنے کے امکان زلزلے کی زد میں آنے والوں سے کم ہوتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حکام کے مطابق امدادی کاموں میں مزید تیز بارش کے امکانات اور اس خطے کا غیر ہموار ہونا رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایل كیمبرے ڈھال والی پہاڑیوں سے گھرا ہوا ہے اور وہاں کے زیادہ تر گھر وادی کے نچلے حصے میں ہیں۔
مقامی حکام نے تیز بارش کے نتیجے میں غیر مستحکم پہاڑیوں کے گرنے کے بارے میں پہلے سے متنبہ کر رکھا تھا۔
گوئٹےمالا ان ممالک میں شامل ہے جہاں قدرتی آفات سے متاثر ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP







