’سابق اہلیہ سے دوبارہ تعلقات چاہتا ہوں‘

،تصویر کا ذریعہReuters

گوئٹے مالا کے صدر الوارو کولم کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سابق اہلیہ سینڈرہ ٹوریز سے تعلقات دوبارہ استوار کرنا چاہتے ہیں۔

ان دونوں کی طلاق کئی ماہ قبل اس وقت ہوئی تھی جب الوارو صدارتی انتخاب لڑنے لگے تھے۔

ان کی طلاق کی وجہ تھی ملکی قوانین۔ قانون کے تحت صدر کی (یا کا) شریکِ حیات صدارتی امیدوار اس وقت تک نہیں ہو سکتا جب تک کہ ان دونوں کی شادی ختم نہ ہو جائے۔

صدر الوارو اور ان کی اہلیہ سینڈرہ کی طلاق اس وقت ہوئی جب پچھلے سال سینڈرہ نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔

تاہم حکام نے اس طلاق کو ڈھونگ قرار دے کر ماننے سے انکار کردیا اور سینڈرہ کو انتخابات میں حصہ نہیں لینے دیا۔ نئے صدر اوٹو پیریز مولنا ہفتے کو حلف اٹھائیں گے۔

مقامی ریڈیو سونورا کو ایک انٹرویو میں صدر الوارو نے کہا ’میں اپنے تعلقات کو بحال کرنے کی نیت رکھتا ہوں جو کہ پچھلے سال بڑے پیچیدہ ہو گئے تھے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں اس میں کامیاب ہوں گا یا نہیں۔ لیکن میں پوری کوشش کروں گا اور اس کے لیے وقت درکار ہے۔‘

صدر الوارو نے کہا کہ وہ اپنی سابق اہلیہ کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی کوششیں نئے صدر کے حلف اٹھانے کے بعد شروع کریں گے۔

الوارو اور سینڈرہ کی شادی دس سال چلی۔ جب سینڈرہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے الوارو کو طلاق دی اس وقت انہوں نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے طلاق ’عوام، ملک، عمر رسیدہ افراد، بچے، معذور اور ان تمام لوگوں کے لیے دی ہے جن کو میری ضرورت ہے‘۔

لیکن گوئٹے مالہ کے الیکشن کمیشن نے اس طلاق کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔