پاپوا نیوگنی میں 7.7 شدت کا زلزلہ مگر سونامی وارننگ واپس

،تصویر کا ذریعہEPA
جنوبی بحر الکاہل کے ملک پاپوا نیوگنی میں پیر کو زبردست زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔
امریکی جیولوجیکل سنٹر کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ پاپوا نیوگنی کے شمال مشرق میں واقع شہر كوكوپو سے تقریبا 50 کلو میٹر دور رابول کے پاس آیا۔ ریکٹر سکیل پر اس کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز زمین میں 65 کلومیٹر نیچے تھا۔
پاپوا نیو گنی کے نیشنل ڈیزاسٹر سنٹر کے سربراہ مارٹن موس نے زلزلے کے نتیجے میں جانی نقصانات کی تصدیق نہیں کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مارٹن موس نے کہا کہ رابول شہر کے پاس تقریبا ڈیڑھ میٹر اونچی لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
رابول میں شہریوں نے سطح سمندر میں قدرے اضافہ دیکھا۔ رابول ہوٹل کی ایک ملازمہ میکا ٹووی نے بتایا کہ سونامی کا پانی سمندر کے کنارے موجود بعض شاپنگ مالز کے پارکنگ والے حصوں میں بھر گیا ہے اور لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا۔
انھوں کہا ’جب زلزلہ آیا تھا تو ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے مہمان اور عملہ گھبرا کر باہر نکل آئے تھے۔ زلزلہ تقریبا پانچ منٹ تک رہا اور اتنا شدید تھا کہ ہوٹل کے گرنے کا خطرہ لاحق ہو گیا تھا لیکن ہوٹل بچ گیا۔‘

،تصویر کا ذریعہEPA
اس سے قبل بحرالکاہل سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا تھا کہ تین میٹر اونچی سونامی کی لہریں كوكوپو سے ایک ہزار کلو میٹر تک کے دائرے میں پھیل سکتی ہیں۔ یہاں تک کہ ایک فٹ اونچی لہریں روس تک پہنچ سکتی ہے۔
ادارے کے مطابق سونامی روس، چین، جاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انڈونیشیا تک پہنچ سکتی ہے تاہم ان ممالک میں اس کا اثر کم ہو گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس بیان کے بعد میں سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی۔
اس سے قبل مارٹن موس نے بتایا کہ دارالحکومت پورٹ موریسبي میں موجود افسر اپنے ساتھیوں سے رابطہ کی کوشش میں ہے اور زلزلے کے بعد اب تک کسی طرح کے نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’صورت حال فی الحال کنٹرول میں ہے۔‘
خیال رہے کہ پپوا نیو گنی میں زلزلے کا آنا معمول کی بات ہے۔







