فلپائن میں 7.2 شدت کے زلزلے میں ستّر سے زائد افراد ہلاک

فلپائن کے مرکزی علاقوں میں ریکٹر سکیل پر 7.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ستّر افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز بوہول جزیرہ تھا جو علاقے کا ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔
زلزلے سے بوہول اور قربی صوبے سیبو میں مارکیٹیں، چرچ اور دیگر عمارتیں مسمار ہو گئیں۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق 8:12 منٹ پر آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لوگ سیبو میں ہلاک ہوئے جو ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے۔
سیبو میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے سربراہ نیل سانچز نے میڈیا کو بتایا کہ ’رابطوں کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے یہاں تک کہ ہمارے دفتر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ہمیں کہیں اور منتقل ہونا پڑے گا۔‘
بوہول کے گورنر ایدگاردو چاٹو نے کہا کہ زلزلے سے ایک چرچ اور ایک سٹی ہال کو نقصان پہنچا۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے متاثرہ علاقوں میں بجلی چلی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک برطانوی شہری نے جو جو سیبو میں سات سال سے رہے ہیں کہا کہ زلزلے کے جھٹکے بہت شدید تھے۔
انھوں نے کہا کہ’جب پورے گھری کی بنیادیں اور سارا علاقہ ہلنے لگا تو یہ بہت عجیب اور خوفناک تجربہ تھا۔‘
بڑے زلزلے کے بعد مزید جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔
سیبو کی آبادی تقریباً چھبیس لاکھ ہے اور منیلا سے سیبو پہنچنے کے لیے ہوائی جہاز کے ذریعے ایک گھنٹہ لگتا ہے۔







