یونان میں بینک بند، سرمائے پر پابندی عائد

یونان

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنابھی تک حکومت نے اس بات پر حد نہیں لگائی کہ لوگ کتنا پیسہ بینکوں سے نکال سکتے ہیں

یورپی سینٹرل بینک (ای سی بی) نے یونان کے بینکاری نظام کے لیے ہنگامی رقوم میں اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کے بعد یونانی وزیراعظم نے پیر کو ملک کے تمام بینک اور سٹاک مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

یورپی سینٹرل بینک کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب آئندہ ہفتے منگل کو قرضے کی ادائیگی کی مدت ختم ہونے پر یونان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

ملک کے وزیراعظم نے ٹی وی پر خطاب میں عوام کو پرامن رہنے کو کہا اور انھیں یقین دلایا کہ ان کے پیسے، تنخواہیں اور پینشنز محفوظ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ یونان کے اثاثے محفوظ ہیں۔ انھوں نے یہ تو تصدیق کی ہے کہ ملک میں تمام بینک پیر کو بند رہیں گے تاہم یہ نہیں بتایا کہ بینک کب تک بند رہیں گے اور سرمائے پر کنٹرول کی نوعیت کیا ہوگی۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ بیل آؤٹ کی توسیع کے لیے ایک بار پھر انھوں نے درخواست کی ہے اور وہ یوروزون کے فوری جواب کے منتظر ہیں۔

اس سے پہلے یونان کے پائریئس بینک کے سربراہ نے فائنانشیئل سٹیبیلیٹی کاؤنسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا تھا کہ پیر کو یونان کے بینک بند رہیں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ پانج جولائی کو ہونے والے ریفرنڈم کے دو روز بعد یعنی سات جولائی کو بینک کھل جائیں گے۔

سرمائے پر کنٹرول

  • کوئی بھی شخص ایک دن کے اندر اپنے اکاؤنٹ سے 60 یورو یعنی 66 ڈالر سے زیادہ رقم نہیں نکلوا سکے گا۔
  • پہلے سے منظور شدہ تجارتی لین دین کے علاوہ بیرونِ ملک رقم کی منتقلی ممکن نہیں ہو سکے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یونان کے لیے امدادی رقوم میں اضافہ نہ کرنے سے یونان کے بینک بند ہو سکتے ہیں اور بینکوں سے رقوم نکلوانے پر بھی پابندیاں عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

یورپی سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کے لیے تیار ہے اور یونان کے مرکزی بینک سے رابطے میں ہے۔

یونان کے لیے یورپی سنٹرل بینک کے ہنگامی امداد کی سطح 89 ارب یورو یا 63 ارب پاؤنڈ ہے۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ رقوم یونان کو جاری کر دی گئی ہے یا نہیں۔

عمومی طور پر بینک ہنگامی امداد بینکوں سے پیسے لینے نکلوانے والوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

یونان

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنیونانی پارلیمان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے رکھی گئیں شرائط کو ماننے کے بارے میں وہ ریفرنڈم کی حمایت کی تھی

اقتصادی امور پر بی بی سی کے ایڈیٹر رابرٹ پیسٹن کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی امداد سے متعلق فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ پیر کے روز یونان کے بینک بند رہیں گے تاکہ سرمائے پر پابندی عائد کرنے سے پہلے رقوم نکلوانے کو روکا جا سکے۔‘

انھوں نے کہا کہ یونان کو یورو زون سے خارج کروانے میں یہ ایک اہم ترین پیش رفت ہو گی۔

یورپی سینٹرل بینک کا فیصلہ یونان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان ہفتہ بھر جاری رہنے والے مذاکرت کے بعد سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل یورو زون کے وزیر خزانے نے بیل آوٹ پیکج میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

قرض کے بوجھ تلے دبے یونان کے بیل آؤٹ پیکج کی ڈیڈ لائن منگل کو ختم ہو جائے گی اور اس پر مذاکرات بھی ناکام ہو چکے ہیں اور مزید نئے فنڈ کے بغیر یونان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ بڑھ گیا۔

یونان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے اور اس کو یورپی اتحاد میں رکھے جانے کی کوششوں میں یورپی یونین اور یونان کے کئی اجلاس ہوئے ہیں۔

ان مذاکرات میں یونان نے امیروں اور کاروباری اداروں پر نئے ٹیکسوں سمیت سمجھوتے کے لیے نئی تجاویز پیش کی تھیں۔

یونان کا مجموعی قرض اُس کی مجموعی سالانہ قومی پیداوار کے دگنے کے لگ بھگ ہے اور ماہرین کے بقول اگر اُسے ادائیگی میں سہولت نہ ملی تو یونان کے لیے ہر کچھ عرصے بعد نئے قرضوں کے حصول کے چکر سے نکلنا مشکل ہو گا۔