چارلسٹن فائرنگ: ڈلن روف کی تصاویر انٹر نیٹ پر آ گئیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں ایک افریقن امریکن گرجا گھر پر فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کرنے والے 21 سالہ شخص ڈلن روف کی بندوق کے ساتھ مزید تصاویر انٹر نیٹ پر آ گئی ہیں۔
ویب سائٹ پر آنے والی تصاویر میں 21 سالہ شخص ڈلن روف کو امریکی پرچم نذرِ آتش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ڈلن روف کی ویب سائٹ پر آنے والی تصاویر میں سے ایک میں اسے کرسی پر کیمرہ کو گھورتے اور بندوق تھامے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سنیچر کو سامنے آنے والی تصاویر کے بارے میں ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انھیں ویب سائٹ پر کس نے پوسٹ کیا؟

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اس ویب سائٹ کے سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی اسے آف لائن کر دیا گیا۔
انٹرنیٹ ریکارڈز کے مطابق اس ویب سائٹ کا ڈومین فروری میں رجسٹرڈ کیا گیا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس کے پیچھے کون ہے؟
امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہل کار نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ فیڈریل بیورو آف انویسٹیگیشن (ایف بی آئی) اس ویب سائٹ کو دیکھ رہی ہے۔
اہل کار کے مطابق اس ویب سائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر کے ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان تصاویر کو رواں برس اپریل اور مئی میں کھینچا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ویب سائٹ پر آنے والی متعدد تصاویر میں ڈلن روف کو کنفیڈریشن جھنڈے کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے جو جنوبی امریکہ میں خانہ جنگی کے دوران ایک نشانی کے طور پر اس وقت استعمال ہوتا تھا جب جنوبی ریاستیں غلامی کے خاتمے کو توڑنے کی کوشش کرتی تھیں۔
امریکی کی ریبپلیکن جماعت کے سابق صدارتی امیدوار مٹ رومنی جنوبی کیرولائنا کے دارالحکومت کی عمارت کے باہر کنفیڈریشن کے لہراتے جھنڈے کو اتارنے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
جنوبی کیرولائنا میں ریبپلیکن جماعت کے نمائندے ڈگ برانن نے ایم ایس این بی سی کو جمعے کو بتایا کہ وہ کیرولائنا سے کنفیڈریشن جھنڈے کو اتارنے کے لیے قانون سازی متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے چارلسٹن شوٹنگ کے واقعہ کے بعد ملک میں بندوق قوانین کے حوالے سے مزید سخت قوانین بنانے کی ایک جذباتی اپیل کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
سان فرانسسکو میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا دل چارلسٹن شوٹنگ میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں ’رو‘ رہا ہے۔
ادھر پولیس حکام کے مطابق 21 سالہ شخص ڈلن روف لیگزنٹن ساوتھ کیرولائنا کا رہائشی ہے اور اسے شیلبی سے جعمرات کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈلن روف پر امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں ایک افریقن امریکن گرجا گھر پر فائرنگ کر کے نو افراد کو ہلاک کرنے کے جرم میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور لیگزنٹن فائرنگ کرنے سے پہلے ایک گھنٹے تک چرچ کے اندر بیٹھا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چارلسٹن نامی شہر میں واقع ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ میں پیش آیا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فائرنگ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے قریب اس وقت کی گئی جب گرجا گھر میں لوگ عبادت کے لیے جمع تھے۔
خیال رہے کہ چارلسٹن کا ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ افریقی نژاد امریکی مسیحیوں کی امریکہ میں موجود قدیم ترین عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔







