مصر میں واقع قدیم مندر کے قریب خودکش دھماکہ

 کارنک کا مندر مصر کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشن کارنک کا مندر مصر کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے

مصر کے شہر لکسر میں واقع قدیم کارنک مندر کے قریب ایک خودکش دھماکہ ہوا ہے۔

مقامی پولیس اور ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین حملہ آور مارے گئے ہیں جبکہ تین راہگیر زخمی ہوئے ہیں۔

اطلات کے مطابق حملہ آوروں نے مندر کے باہر سکیورٹی کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی کوشش کی تو پو لیس نے ان میں سے دو کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

تیسرے حملہ آور نے رکاوٹوں کو عبور کر کے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اس حملے کی ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اسی طرح کے ایک حملے میں پیچھلے ہفتے مصر کے محکمہ سیاحت کے دو اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سنہ 2013 میں صدر مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے عسکریت پسندوں کے حملوں میں اب تک سینکڑوں فوجی اور سرکاری اہلکار مارے جا چکے ہیں۔

کارنک کا مندر مصر کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ سنہ 1997 میں لکسر کے اسی مقام کے قریب عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے 60 سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا۔