سینا میں شدت پسندوں کے حملے، سات مصری فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
مصر کے عسکری حکام کے مطابق جزیرہ نما سینا میں شدت پسندوں کے حملوں میں سات مصری فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے جمعرات کو علاقے میں قائم متعدد حفاظتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
پولیس حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ حملہ آور خودکار ہتھیاروں اور راکٹوں سے مسلح تھے۔
صحرائے سینا میں ماضی میں بھی فوج پر حملے ہوتے رہے ہیں جن میں بھاری جانی نقصان ہو چکا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ اس حملے کے پیچھے کس گروپ کا ہاتھ ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
مصر فوج اس علاقے میں دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک شدت پسند گروپ انصار بیت المقدس کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے اور اسی گروپ کو ماضی میں فوج پر حملوں کا ذمہ دار قرار دیا جاتا رہا ہے۔
فوج نے مارچ میں یہاں 70 مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
مصر کی حکومت نے رواں برس جنوری کے آخر میں صحرائے سینا میں اپنے 31 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد شمالی اور وسطی علاقے میں تین ماہ کے لیے ہنگامی حالت بھی نافذ کر دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ علاقہ سابق صدر حسنی مبارک کو اقتدار سے الگ کیے جانے کے بعد سے لاقانونیت کا شکار ہے۔
جہادی عناصر نے اخوان المسلیمین کے صدر محمد مرسی کو اقتدار سے ہٹانے کے بعد سے اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا تھا۔







