ٹونی بلیئر نسلی امتیاز کی مخالف تنظیم میں شامل

،تصویر کا ذریعہAP
سابق برطانوی وزیرِاعظم ٹونی بلیئر یورپ میں نسلی امتیاز اور یہود دشمنی کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تنظیم یورپیئن کونسل ’آن ٹولررنس اینڈ ریکنسلیئیشن‘ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔
تنظیم بہت عرصے سے شدت پسندی کے حوالے سے سخت تر قوانین بنانے کی مہم چلا رہی ہے۔
اس ماہ ٹونی بلیئر امریکہ، روس، اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ کے مندوب کا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔
اگرچہ اپنے نئے عہدے پر انھیں کوئی تنخواہ نہیں ملے گی تاہم ان کی مذہبی فاؤنڈیشن کو سالانہ عطیہ دیا جائے گا۔
یورپیئن کونسل آن ٹولررنس اینڈ ریکنسلیئیشن خود کو ایک ’رائے ساز اور مشاورتی‘ تنظیم کہتی ہے۔
ان کی کوشش ہے کہ یورپی ممالک نسلی امتیاز اور یہود دشمنی کے بارے میں واضح تر قوانین بنائیں، اس سلسلے میں تعلیمی نصاب مضبوط تر کیا جائے اور ہولوکاسٹ کو جھٹلانا جرم قرار دیا جائے۔
تنظیم کی کوشش ہے کہ حکومتیں یہودی سکولوں اور عبادت گاہوں کو بھی سکیورٹی فراہم کریں۔
ٹائمز جریدے میں ٹونی بلیئر اور تنظیم کے شریک بانی روسی نژاد تاجر موشے کاتور نے ایک مشترکہ مضمون میں لکھا کہ یورپ ایک ’خطرناک وقت‘ سے گزر رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ’معاشی مشکلات عدم استحکام کو فروغ دیتی ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ گذشتہ سو برسوں میں یورپ کی کل قومی پیداوار میں سالانہ اضافہ ایک فیصد سے کم صرف تین بار ہوا ہے، پہلی جنگِ عظیم سے قبل، دوسری جنگِ عظیم سے قبل اور گذشتہ سال۔
موشے کاتور یورپیئن یہودی کانگریس کے صدر بھی ہیں۔ ٹونی بلیئر اور موشے کاتور نے اپنے مضمون میں تل ابیب یونیورسٹی کی ایک تحقیق کا بھی ذکر کیا جس کے مطابق گذشتہ سال یہود دشمنی کے حوالے سے اس دہائی کا بدترین سال تھا۔
انھوں نے کہا کہ ’نفرت اور نسلی امتیاز اکثر آسان ترین نشانوں سے شروع ہوتا ہے، چاہے وہ یہودی ہوں یا کوئی اور، مگر یہ ختم وہاں نہیں ہوتا۔ یہود دشمنی ایک یہودی کے لیے نہیں بلکہ تمام معاشرے کے لیے مسئلہ ہے اور ہم سب کو اسے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘
’ہمارا پختہ یقین ہے کہ مذہب فساد کو نہ جنم اور نہ ہی فروغ دیتا ہے۔‘ ان کے مطابق ’لوگ دین کا ڈھونگ رچا کر فساد برپا کرتے ہیں۔‘
شمالی آئرلینڈ میں امن کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ اہم سبق سیکھنے کے لیے بہترین مثال ہے۔
’گلوبلائزیشن ہم سب کو قریب تر لا رہی ہے اسی لیے نسل پرستی اور امتیاز ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ عالمی اداروں سمیت دیگر تنظیموں کو اس نفرت کو ختم کرنا ہو گا۔‘
ٹونی بلیئر 1997 سے 2007 تک برطانوی وزیراعظم رہے۔ یورپیئن کونسل آن ٹولررنس اینڈ ریکنسلیئیشن کے موجودہ چیئرمین پولینڈ کے سابق صدر الیکساندر کواسنیوسکی ہیں۔







