عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کی پیش قدمی

،تصویر کا ذریعہAFP
عراق میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے صوبہ انبار کے دارالحکومت رمادی میں سکیورٹی فورسز کو پیچھے دھکیل کر شہر کے زیادہ تر حصے پر اپنا قبضہ مستحکم کر لیا ہے جبکہ شام کے تاریخی شہر پالمیرا میں داخل ہونے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے۔
شام کے قدیم شہر پالمیرا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے شدت پسند شہر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ سرکاری فورسز ان کا تعاقب کر رہی ہیں۔
اس وقت شدت پسند شہر کے شمالی علاقوں میں پہنچ گیے ہیں۔ اگر شہر پر شدت پسندوں کا قبضہ ہو جاتا ہے تو پالمیرا کے عالمی ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچے کا واضح امکان ہے کیونکہ دولتِ اسلامیہ اس سے پہلے عراق اور شام میں کئی تاریخی مقامات کو ملیا میٹ کر چکی ہے۔

دوسری جانب رمادی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اگرچہ دولتِ اسلامیہ فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک سرکاری احاطے سے پسپا ہو گئی ہے لیکن اس وقت شہر کے 60 فیصد حصے پر اس کا قبضہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی کے نامہ نگار احمد مہر کے مطابق دولتِ اسلامیہ نے شہری اضلاع کے اطراف میں فوجی کی بھیجی جانے والے تین اضافی دستوں کو شکست دینے کے بعد اب اپنی پوزیشن مستحکم کر رہے ہیں۔
اگر رمادی دولتِ اسلامیہ کے ہاتھ میں چلا جاتا ہے تو اس صورت میں دارالحکومت سے یہ تنظیم صرف 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ہو گی۔
دفاعی لحاظ سے اہم صوبہ انبار کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے عراقی سکیورٹی فورسز اور دولتِ اسلامیہ کے درمیان کئی ماہ سے لڑائی جاری ہے۔
اس سے پہلے رمادی میں سرکاری فورسز کی طاقت میں اضافے کے لیے فوج کے تین اضافی دستے بھیجے گئے تھے لیکن دولتِ اسلامیہ انھیں بھی پسپا کر دیا۔
عراقی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل سعد مان ابراہیم نے سرکاری ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت میں اتحاد فضائی حملوں سے زمینی فوج کی مدد کر رہے ہیں اور جمعے سے دولتِ اسلامیہ پر کئی مہلک حملے کیے جا رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
اعلیٰ حکام کی جانب سے میڈیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دیے جانے والے بیانات میں تسلیم کیا ہے کہ رمادی میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔
نامہ نگار کے مطابق اس صورتحال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ حکومت اس وقت کتنی پریشان ہے اور زمینی صورتحال کتنی سنگین ہو چکی ہے۔
اس سے پہلے سنیچر کو ہی عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے رمادی پر جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رمادی کو دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے ہاتھوں میں جانے نہیں دیا جائے گا۔
ادھر امریکہ نے عراقی افواج کو بھاری اسلحے اور مزید جنگی سازوسامان دینے کا وعدہ کیا ہے۔
امریکی نائب صدر جو بائڈن نے جمعے کو عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی سے گفتگو کی اور انھیں بھاری اسلحے دینے کا وعدہ کیا ہے جن میں شانے پر رکھ کر چلایا جانے والا راکٹ لانچر اور مزید گولے بارود کے علاوہ عراقی فوجیوں کے لیے سپلائیز شامل ہیں۔
دولت اسلامیہ نے رات میں اس کمپاؤنڈ میں خودکش کار بموں سے حملہ کیا جس میں کم از کم 10 پولیس اہل کار ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔
رمادی عراق کے سب سے بڑے صوبے انبار کا دارالحکومت ہے اور اس شہر پر قبضے کے لیے دولت اسلامیہ اور عراقی فوجوں کے درمیان کئی ماہ سے شدید لڑائی جاری رہی تھی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ عراق کی سکیورٹی فورسز اور ان کی اتحادی شیعہ ملیشیا نے سابق صدر صدام حسین کے آبائی شہر تکریت کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے آزاد کرایا تھا جس پر دولتِ اسلامیہ نے گذشتہ سال جون میں قبضہ کر لیا تھا۔
اس کامیابی کے بعد عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے صوبہ انبار کو شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا ’ہماری اگلی جنگ انبار کی سرزمین پر ہو گی اور اسے مکمل طور پر آزاد کرایا جائے گا۔‘
صوبہ انبار میں سنّی آبادی اکثریت میں ہے اور اس کی سرحدیں ایک طرف شام سے اور دوسری طرف عراقی دارالحکومت بغداد سے ملتی ہیں۔
اس صوبے کے اکثر شہروں اور دیہاتوں پر دولتِ اسلامیہ یا دیگر شدت پسندوں گروہوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔
عراقی حکومت کے لیے ایک وسیع صوبے کو دولتِ اسلامیہ سے نکالنا ایک بڑا چلینج ہوگا تاہم حکومت تکریت میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔







