جاپانی ’شارلٹ‘ کے لیے نئے نام کی تلاش

،تصویر کا ذریعہAFP
جاپان میں ایک چڑیا گھر کی انتظامیہ ایک بندریا کے لیے نئے نام کی تلاش میں ہے۔
عوامی جائزے میں اس بندریا کے نام کے لیے ’شارلٹ‘ کا انتخاب ہوا تھا جو برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کے ہاں حال ہی پیدا ہونے والی بچی کا نام بھی ہے۔
مغربی جاپان میں تاکاساکی کے اوئیتا چڑیا گھر میں ہر سال پیدا ہونے والے پہلی بندریا کا نام عوامی رائے کو مقدم رکھتے ہوئے رکھنے کی روایت ہے۔
اسی لیے بندریا کی پیدائش پر بھی عوام سے نام مانگے گئے تھے جن میں شارلٹ سب سے زیادہ مقبول نام ثابت ہوا تھا۔
تاہم بدھ کو یہ نام رکھے جانے کے بعد چڑیا گھر کی انتظامیہ کے پاس شکایات کا تانتا بندھ گیا اور مختلف حلقوں کی جانب سے بندریا کا کوئی اور نام رکھنے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔
اس مطالبے کے حامیوں کا کہنا ہے کہ عوام اور انتظامیہ کو سوچنا چاہیے کہ اگر برطانوی اپنی بندریا کا نام کسی جاپانی شہزادی کے نام پر رکھیں تو عوام کو کیسا لگے گا۔



