ویٹرس کےبال کھینچنےپر وزیر اعظم کی معافی

وزیر اعظم جان کی نے کہا کہ انھوں نے ویٹرس کے بالوں کو ’مذاق میں کھینچا‘ تھا

،تصویر کا ذریعہGETTY

،تصویر کا کیپشنوزیر اعظم جان کی نے کہا کہ انھوں نے ویٹرس کے بالوں کو ’مذاق میں کھینچا‘ تھا

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے آک لینڈ شہر کے ایک کیفے میں کام کرنے والی ایک ویٹرس کے بال کھینچنے پر معافی مانگی ہے۔

ویٹرس نے اپنا نام چھپاتے ہوئے ایک بلاگ میں لکھا تھا کہ جان کی نے ان کے منع کرنے کے باوجود ان کی پونی ٹیل لگاتار کھینچا کرتے تھے۔

بدھ کو وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے ویٹرس کے بالوں کو ’مذاق میں کھینچا‘ تھا اور اب انھوں نے معافی بھی مانگ لی ہے۔ اس واقعے کے بعد حزب اختلاف کی جماعت اور عوام نے جان کی پر تنقید کی ہے۔

ویٹرس نے ویب سائٹ ڈیلی بلاگ پر لکھا تھا کہ گذشتہ نومبر کی انتخابی مہم کے دوران ان کے بال کھینچے گئے تھے جب جان کی کی نیشنل پارٹی کو منتخب کیا گیا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب جان کی کیفے میں آتے تھے تو وہ ان سے چھپنا شروع ہو گئیں اور انھوں نے وزیر اعظم کے محافظوں سے بھی کہا کہ انھیں بال کھنچوانا پسند نہیں ہے۔

جان کی کے رویے پر سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث ہو رہی ہے

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشنجان کی کے رویے پر سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث ہو رہی ہے

ویٹرس نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے تنگ آ کر جان کی کو براہ راست رکنے کے لیے کہا لیکن انھوں نے پھر بھی بات نہیں مانی۔

تاہم بعد میں وزیر اعظم نے معافی مانگ کر ویٹرس کو دو شراب کی بوتلیں بھی دی تھیں۔

جان کی نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ کیفے کے عملے کے ساتھ ان کے ’بڑے اچھے اور دوستانہ‘ قسم کے تعلقات تھے اور یہ بھی کہ وہ عملے کے ساتھ ’ہنسی مذاق‘ کرتے رہتے تھے۔

اس بارے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگز tailgate# اور ponytailgate# کے ذریعے بحث ہو رہی ہے

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشناس بارے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگز tailgate# اور ponytailgate# کے ذریعے بحث ہو رہی ہے

نیوزی لینڈ کی گرین پارٹی کے ایک رہنما میٹیریا ٹورے نے کہا کہ جان کی کی اس حرکت سے کام کی جگہوں پر ملازمین کو تنگ کرنے کے بارے میں سوال اٹھے ہیں۔

میٹیریا نے اخبار دا نیوزی لینڈ ہیرالڈ سے کہا کہ ’سیاست دان ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم کام کی جگہوں پر لوگوں کو محفوظ ہونے کا احساس دیں، نہ کہ ہراساں ہونے کا۔ ہمیں وزیر اعظم سے اس رویے کی امید نہیں تھی۔‘

جان کی کے رویے پر سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث ہو رہی ہے اور نیوزی لینڈ کے لوگ ٹوئٹر پر اس بارے میں ہیش ٹیگز tailgate# اور ponytailgate# کے ذریعے کر رہے ہیں۔