ہیک کرنے کی صلاحیت مہنگی پڑی

یونائٹڈ ائر لائنز نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ انکے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جا سکتی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنیونائٹڈ ائر لائنز نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ انکے نظام کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جا سکتی

امریکہ میں یونائیٹڈ ایئر لائنز نے ایک سکیورٹی امور کے ایک ماہر کو جہاز پر سوار ہونے سے روک دیا جس نے ٹویٹ کیا تھا کہ وہ طیارے کے نظام کو ہیک کر سکتا ہے۔

کرس رابرٹ سنیچر کو ایک بڑی سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے کولا راڈو سے سین فرانسسکو جانے والے تھے۔

اس سے قبل انہوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ ان کے خیال میں وہ طیارے کے آکسیجن سسٹم کو چلا سکتے ہیں۔

یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ ہم پُر اعتماد ہیں کہ ہمارے نظام کو ہیک نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ’مسٹر رابرٹ نے جو تکنیک بتائی ہے اس سے ہمارے سسٹم تک رسائی ممکن نہیں۔‘

کرس رابرٹ سائبر سکیورٹی فرم ’ون ورلڈ لیب‘ کے بانی ہیں جو آئی ٹی نظام میں خامیوں کا پتہ لگا کر کمپنیوں کو خبردار کرتی ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد اس کا فائدہ نہ اٹھا سکیں۔

گزشتہ ہفتے تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے انہیں یونائیٹڈ کی ایک فلائٹ پر سوار ہونے سے روک دیا گیا تھا اور ان کا لیپ ٹاپ بھی ان سے لے لیا گیا تھا۔اس کے بعد تقریباً چار گھنٹے تک کرس رابرٹ سے پوچھ گچھ کی گئی۔

اپنے کام کے سلسلے میں مسٹر رابرٹ نے حالیہ ہفتوں میں میڈیا کو کئی انٹرویو دیے جن میں انہوں نے ایئرلائن سسٹم کے ممکنہ کمزور نکات پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ 35 ہزار فٹ کی بلندی پر انجن کو بند کر سکتے ہیں اور کاک پِٹ میں کسی کو پتہ تک نہیں چل سکتا۔

انہوں نے سی این این کو بتایا کہ وہ اپنی سیٹ کے نیچے کمپیوٹر کے لگا کر طیارے کے انجن کا ڈیٹا اور فلائٹ مینجمینٹ سسٹم دیکھ سکتے ہیں۔

کرس رابرٹ کو طیارے پر سوار ہونے سے کیوں روکا گیا اس بارے میں ایئر لائن کے ترجمان جانسن نے کہا کہ جس طرح کرس رابرٹ نے طیارے کے نظام تک رسائی کا دعوی کیا اس کے بعد ہم نے مسافروں اور عملے کی بہرتی کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا۔