امریکی پولیس اہلکار نے بھارتی شہری کو زدوکوب کیا

واقعے کی پولیس موبائل میں موجود ویڈیو کیمرے میں فوٹیج موجود ہے
،تصویر کا کیپشنواقعے کی پولیس موبائل میں موجود ویڈیو کیمرے میں فوٹیج موجود ہے

امریکہ کی ریاست الاباما میں ایک پولیس اہلکار پر ایک بھارتی شخص کے شہری حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق 26 سالہ پولیس اہلکار ایرک سلیون نے 57 سالہ بھارتی شہری سریش بھائی پٹیل کے خلاف غیر ضروری طاقت کا استعمال کیا۔

سوریش بھائی اس واقعے سے کچھ عرصہ پہلے ہی امریکہ منتقل ہوئے تھے۔

وہ فروری میں اس وقت زخمی اور جزوی طور پر مفلوج ہو گئے جب پولیس اہلکار نے انھیں زمین پر دھکا دیتے ہوئے گرا دیا۔

معطل ہونے والے ایرک سلیون اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہیں اور ان پر حملہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا جائے گا۔

چھ فروری سریش بھائی پیٹل اپنے بیٹے کے گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اس دوران پولیس کو کسی قریبی گھر سے مشتبہ شخص کی موجودگی کے بارے میں فون کال آئی۔

سوریش بھائی اس وقت ہسپتال میں زیرعلاج ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسوریش بھائی اس وقت ہسپتال میں زیرعلاج ہیں

سوریش بھائی انگلش زبان نہیں بول سکتے ہیں۔ پولیس کی موبائل میں نصب کیمرے کی ویڈیو فوٹیج میں سوریش بھائی چل رہے ہوتے ہیں کہ دو پولیس اہلکار ان کے قریب جاتے ہیں اور ان میں سے ایک انھیں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے زمین پر گرا دیتا ہے۔

اسی دوران ان کو ہتھکڑی لگا کی جب اٹھانے کی کوشش کی جاتی تو وہ اٹھنے کے قابل نہیں ہوتے۔ اسی دوران ایک دوسری موبائل سے ایک اور پولیس اہلکار وہاں پہنچتا ہے اور تینوں سوریش بھائی کو اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ دھکا دینے والا پولیس اہلکار ویڈیو میں سوریش بھائی کے کپڑوں پر لگنے والی مٹی اور گھاس صاف کرتا ہوا بھی نظر آتا ہے۔

الاباما کے گورنر رابرٹ بینٹلے نے سوریش بھائی سے ہونے والے نامناسب سلوک پر بھارتی حکومت سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طاقت کے غیر مناسب استعمال کا واقعہ ہے۔

سوریش پٹیل کے وکیل کے مطابق ان کے موکل اب صحت یاب ہو رہے ہیں تاہم اب بھی طبی مرکز میں زیر علاج ہیں۔