برازیل کے تین گنجان آباد صوبوں میں بدترین خشک سالی

،تصویر کا ذریعہAP
برازیل میں ماحولیات کی وزیر ایزابیلا ٹیکزیرا نے کہا ہے کہ ملک کی سب سے گنجان آبادی والے علاقوں کو سنہ 1930 کے عشرے کے بعد سے سب سے خطرناک خشک سالی کا سامنا ہے۔
انھوں نے دارالحکومت برازیلیا میں ایک ہنگامی اجلاس کے دوران کہا کہ ساؤنگ پولو، ریو ڈی جنیرو اور مینس ژورس صوبوں کے لیے پانی کا تحفظ اشد ضروری ہے۔
ایزابیلا نے پانی کے اس بحران کو ’نازک‘ اور ’پریشان کن‘ معاملہ قرار دیا۔
واضح رہے کہ پانی کے اس بحران سے زراعت اور صنعت دونوں متاثر ہوں گے جس کے نتیجے میں برازیل کی پہلے سے ہی کمزور معیشت کو مزید نقصان پہنچے گا۔
خشک سالی سے توانائی کی فراہمی پر بھی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ پن بجلی کی پیداوار میں کمی ہو جائے گی۔
یہ بحران اس وقت شروع ہوا ہے جب بجلی کے مطالبے میں اورگرمی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ایزابیلا نے کہا ’84 سال قبل جب سے برازیل میں ریکارڈ رکھنے کی ابتدا ہوئی ہے ہمارا اس طرح کی نازک اور پریشان کن صورتحال سے واسطہ نہیں پڑا ہے۔‘
ایوان صدر میں ہونے والے اس اجلاس میں خشک سالی پر گفتگو کرنے کے لیے پانچ دوسرے وزرا بھی موجود تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی کی جولیا کارنیرو کا کہنا ہے کہ اس بحران کی ابتدا ساؤنگ پولو سے ہوئی جب شہریوں کو پانی کی فراہمی میں مسلسل کٹوتی کا سامنا رہنے لگا۔
صوبے کے گورنر جیرالڈو نے اس ضمن میں کئی اقدامات کیے ہیں جن میں زیادہ پانی خرچ کرنے پر اضافی چارج اور کم پانی استعمال کرنے پر چھوٹ اور صنعت اور زراعت کے لیے ندی سے پانی لینے پر حد بندی وغیرہ شامل ہیں۔
لیکن ناقدین خراب منصوبہ بندی اور سیاست کو اس ابتر صورتحال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ حکام نے اس بحران سے نمٹنے میں تیزی کا مظاہرہ نہیں کیا اور جیرالڈو نے عوام کو بروقت متنبہ نہیں کیا کیونکہ وہ اکتوبر 2014 میں دوبارہ منتخب ہونا چاہتے تھے۔
دوسری جانب ریو ڈی جنیرو میں پانی کے اہم زخیرے کی سطح صفر ہوگئی ہے اور اس کی تعمیر کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ایسا ہوا ہے۔
ماحولیات کی سیکریٹری آندرے کوریا کا کہنا ہے کہ ’صوبے کو تاریخ کے سخت ترین پانی کے بحران کا سامنا ہے۔‘
تاہم انھوں نے کہا کہ دوسرے زخیروں میں اتنا پانی ہے کہ کم از کم آئندہ چھ مہینوں تک ریو میں پانی پر راشننگ نہیں کی جائے گی۔







