امریکی جہاز کے حادثے میں سات سالہ لڑکی زندہ بچ گئی

حادثے میں تباہ ہونے والا جہاز پائپر پی اے 34 تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنحادثے میں تباہ ہونے والا جہاز پائپر پی اے 34 تھا

پولیس نے بتایا ہے کہ امریکی ریاست کینٹکی میں ایک حواس باختہ سات سالہ لڑکی چلتے ہوئے ایک گھر تک پہنچی اور کہا کہ اس کا جہاز حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔

بعد میں پولیس نے جہاز ڈھونڈ نکالا جس کا پائلٹ اور اس میں سوار تین مسافر ہلاک ہو چکے تھے۔

لڑکی کو معمولی زخم آئے ہیں اور اس کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے فیڈرل ہوابازی کے ادارے کے حوالے سے کہا کہ اس پائپر PA-34 جہاز کے پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو بتایا تھا کہ جہاز کا انجن خراب ہو گیا ہے جس کے بعد اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد لیون کاؤنٹی کے ایک رہائشی نے پولیس کو فون کر کے خبر دی کہ ایک لڑکی اس کے گھر آئی ہے اور وہ جہاز کے حادثے کے بارے میں بتا رہی ہے۔

ننھی بہادر

71 سالہ لیری ولکنز نے این بی سی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ جب انھوں نے جمعے کی رات گھنٹی بجنے پر گھر کا دروازہ کھولا تو دیکھا کہ ایک چھوٹی سی لڑکی ننگے پاؤں وہاں کھڑی ہے اور اس کے جسم سے بری طرح خون بہہ رہا ہے۔

لڑکی نے بتایا کہ اس کی ’ماں اور باپ جہاز کے حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں اور یہ کہ جہاز الٹا ہو گیا تھا۔‘

لڑکی نے پوچھا کہ کیا وہ وہاں ٹھہر سکتی ہے۔ میں نے ایک کپڑا لیا اور اس کا خون صاف کیا۔ اور پھر 911 (ایمرجنسی سروس) کو فون کیا۔ مجھے اس کی حالت پر اس قدر افسوس ہو رہا تھا کہ میری آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ ننھی بہادر لڑکی۔‘

کینٹکی کی پولیس نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں 49 سالہ مارٹی گٹزلر، 45 سالہ کمبرلی گٹزلر، ان کی نو سالہ بیٹی پائپر گٹزلر، اور پائپر کی 14 سالہ کزن سیئرا والڈر شامل ہیں۔

کینٹکی سٹیٹ پولیس کے سارجنٹ ڈین پیٹنسن نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا: ’یہ لڑکی جہاز کے ملبے سے خود ہی باہر نکل آئی اور قریب ترین گھر تک حادثے کی اطلاع دینے گئی۔ یہ ایک معجزہ ہے کہ وہ زندہ بچ گئی، تاہم یہ ایک المیہ بھی ہے کہ چار دوسرے بچ نہیں سکے۔‘

سارجنٹ پیٹنسن نے کہا کہ جہاز ریاست الی نوئے سے فلوریڈا جا رہا تھا کہ ایک جھیل کے کنارے جنگل میں گر کر تباہ ہو گیا۔