برطانیہ میں صدیوں پرانے قوانین کی منسوخی

،تصویر کا ذریعہGetty
برطانیہ کے قانون کی کتابوں میں درج ابھی تک لاگو ہونے والے بعض قدیم قوانین کو 747 سال بعد منسوخ کیا جا رہا ہے۔
سنہ 1267 میں برطانوی شہنشاہ ہنری سوم کے زمانے میں پاس ہونے والے مارلبرو قانون کی 29 میں سے صرف چار شقیں ابھی تک لاگو ہیں جن میں سے مزید دو کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قرض کی بازیابی سے متعلق قدیم قانون کی ان دو شقوں کو نیا قانون بننے کی وجہ سے اضافی سمجھا جا رہا ہے جسے اب منسوخ کرنے کا منصوبہ ہے۔
یہ قانون برطانوی لا کمیشن کی طرف سے منسوخی کے لیے پیش کیے جانے والے درجنوں قوانین میں سے ہیں۔
مارلبرو قانون کو ایکٹ آف پارلیمنٹ یا پارلیمانی کے پہلی ایکٹ کے تحت صرف 32 سال کے لیے منظور کیا گیا تھا۔
لا کمیشن کے جان سنڈرز نے کہا کہ ’جب ہم اس قانون کو منسوخ کرتے ہیں تو ہم قانون کی کتابوں میں موجود قدیم ترین قانون کو منسوخ کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’مجھے شبہ ہے کہ بہت سے وکلا اس قانون سے لاعلم ہیں۔ لوگوں نے میگنا کارٹا کے بارے میں سنا ہے لیکن یہ قانون میرے جیسے قانون کے تاریخ دانوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہو سکتا ہے۔‘
سٹیچیوٹ آف مارلبرو کے ابھی تک لاگو ہونے والی شقیں زمینداروں کے ان قدیم اختیارات سے متعلق ہیں جنھیں استعمال کرتے ہوئے وہ مقروض کی جائیداد میں مداخلت کر کے اس کی اشیا پر قبضہ کر سکتا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن زمینداروں کے ان قدیم اختیارات کو ٹرببیونلوں اور عدالتوں نے حصوں میں ختم کیا، جس کے بعد مارچ میں لاگو ہونے والے انفورسمنٹ ایکٹ کے ذریعے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
لا کمیشن کا خیال ہے کہ اب اس قانون کی ان دو شقوں کی ضرورت نہیں رہی۔
تاہم اس قانون کی تیسری اور چوتھی شق پر عمل درآمد ہوتا رہے گا۔ اس قانون کی تیسری شق کسی شخص کو عدالت کے حکم کے بغیر قرض ادا نہ کرنے کی صورت میں مقروض سے انتقام لینے سے روکتی ہے، جبکہ چوتھی شق کرایہ داروں کو اپنی جائیداد کو خراب کرنے اور بیچنے سے روکتی ہے۔







