ورجینیا: خلائی سٹیشن کے لیے رسد لے جانے والا راکٹ تباہ

،تصویر کا ذریعہReuters
اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے رسد لے جانے والا راکٹ امریکی ریاست ورجینیا میں لفٹ آف کے چند سیکنڈ بعد پھٹ کر تباہ ہو گیا ہے۔
اس راکٹ میں کوئی انسان سوار نہ تھا۔ اوربیٹل سائنسز کارپوریشن کا یہ راکٹ ورجینیا کے وولپ آئی لینڈ میں واقع لانچ کمپلیکس سے چھوڑا گیا تھا۔
اوربیٹل سائنسز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
کمپنی کی سگنس کارگو شپ پر بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر موجود چھ افراد کے لیے 5000 پاؤنڈ کا سامان تھا۔
یہ چوتھا راکٹ تھا جو بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے رسد لے کر روانہ ہوا تھا۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا ورجینیا کی اوربیٹل سائنسز کارپوریشن اور کیلیفورنیا کی سپیس ایکس نامی کمپنی کے ذریعے بین الاقوامی خلائی سٹیشن تک رسد پہنچاتی ہے۔
یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔



