امریکہ: وائٹ ہاؤس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی

،تصویر کا ذریعہReuters
امریکہ کی خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے 24 گھنٹوں کے دوران دو بار وائٹ ہاؤس میں اجنبیوں کے گھس آنے کے واقعات کے بعد اس کی سکیورٹی کو بڑھا دیا ہے۔
حکام کے مطابق زیادہ سنگین واقعہ جمعے کو اس وقت پیش آیا جب ایک آدمی چاقو لیے وائٹ ہاؤس میں داخل ہوا جس کی وجہ سے عارضی طور پر وائٹ ہاوس کے کچھ حصہ کو خالی کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق سنیچر کو بھی ایک شخص سکیورٹی گیٹ کے پاس آیا تاہم دونوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی صدر براک اوباما اس وقت وائٹ ہاؤس میں موجود نہیں تھے۔
دوسری جانب امریکی صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں خفیہ سروس کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے جو سینئیر حکام اور وائٹ ہاؤس آنے والے دیگر رہنماؤں کی حفاظت کرتی ہے۔
ادھر امریکی خفیہ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعے کو پیش آنے والے واقعہ میں عمرگونزالسز نامی شخص شامل ہے جو شمالی دروازے سے وائٹ ہاؤس میں داخل ہوا۔
حکام کے مطابق ویڈیو فوٹیج میں دکھائے جانے والے مناظر میں ایک شخص وائٹ ہاؤس کے لان میں رکاوٹ پھلانگ کر داخل ہوا اور اس کے بعد نو سینٹی میٹر لمبا چاقو بھی تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمرگونزالیز نامی شخص کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے سے پہلے ہی صدر باراک اوباما اور ان کی بیٹیاں ہیلی کاپٹر کے ذریعے وائٹ ہاؤس چھوڑ چکی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام کے مطابق گرفتاری کے بعد عمرگونزالیز نامی شخص کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد واشنگٹن کے ایک ہسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
اس واقعہ کے بعد خفیہ سروس کے ایجنٹس نے وائٹ ہاؤس کے قریب واقعہ گلیوں کی تلاشی بھی لی۔







