وائٹ ہاؤس میں اجنبی

US intruder

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناجنبی شخص کو دیکھ کر خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ اس کی طرف بھاگتے ہوئے

ایک اجنبی شخص کو وائٹ ہاوس کے اندر بھاگتے دیکھ کر خفیہ ادارے کے ایجنٹوں نے وائٹ ہاوس کے کچھ حصے کو فوری طور پر خالی کرا دیا۔

اس اجنبی شخص کو جمعے کی رات اس وقت دیکھا گیا جب کچھ ہی دیر قبل صدر براک اوباما وائٹ ہاوس سے باہر نکلے تھے۔

شاہدین کے مطابق انھوں نے ایک شخص کو احاطہ پھلانگتے دیکھا اور وہ وائٹ ہاوس کے اندر شمالی ایوان کی طرف بھاگ رہا تھا۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس سے کچھ ہی دیر قبل صدر اوباما ھیلی کاپٹر کے ذریعے کیمپ ڈیوڈ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

خفیہ ادارے کے افسران نے بتایا کہ اس شخص کو ایوان کے احاطے سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس پر مزید بات کرتے ہوئے افسران کا کہنا تھا کہ اس شخص کے سینے میں درد کی شکایت کی وجہ سے واشنگٹن کی ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

عمارت کے اس حصے میں کام کرنے والے اسٹاف اور رپورٹرز کو باحفاظت باہر لے جایا گیا اور وائٹ ہاوس کے مغربی حصے کو بھی کافی حد تک خالی کر دیا گیا۔

یاد رہے کے پچھلے ہفتے 11/9 کی سالانہ تقریب کے موقعہ پر خفیہ ادارے کی طرف سے احاطہ پھلانگتے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔