’ہیپی‘ ہونے پر 91 کوڑوں کی سزا

ویڈیو میں شرکت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انھیں دھوکا دیاگیا ہے

،تصویر کا ذریعہYoutube

،تصویر کا کیپشنویڈیو میں شرکت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انھیں دھوکا دیاگیا ہے

امریکی پاپ گلوکار فیرل ولیمز کے مشہور گانے ’ہیپی‘ پر ڈانس ویڈیو بنانے والے چھ گرفتار ایرانیوں کو ایک سال قید اور 91 کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے۔

ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی سزاؤں کو تین سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ ان کو جیل تب تک نہیں بھیجا جائے گا جب تک وہ اس طرح کے جرم کا دوبارہ ارتکاب نہیں کرتے۔

ویڈیو میں تین مرد اور سر پر سکارف کے بغیر تین خواتین تہران کی سڑکوں اور چھتوں پر رقص کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

چھ ماہ میں ان چھ ایرانیوں کی ڈانس ویڈیو یوٹیوب پر دس لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔

وکیل فرشید رفوگرن نے ایرانی خبر رساں ادارے ’ایران وائر‘ کو بتایا کہ ویڈیو میں شامل لوگوں کی اکثریت کو چھ ماہ کی قید کی سزا دی گئی جبکہ ایک رکن کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

’ہیپی وی آر فرم ایران‘ نامی ویڈیو مئی میں ایرانی حکام کی توجہ میں لائی گئی جب اس کو 150,000 سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔

 پاپ گلوکار فیرل ولیمز نے بھی ان افراد کی گرفتاری پرافسوس کا اظہار کیا
،تصویر کا کیپشن پاپ گلوکار فیرل ولیمز نے بھی ان افراد کی گرفتاری پرافسوس کا اظہار کیا

ایرانی پولیس نے ویڈیو میں دکھائے گئے افراد کو ملک کے اسلامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرگرفتار کیا تھا۔ یاد رہے کہ ایرانی قوانین کے مطابق مردوں اور خواتین کا ایک دوسرے کے ساتھ رقص کرنا ممنوع ہے اور خواتین کو سر پر سکارف کے بغیر گھر سے نکلنا بھی منع ہے۔

گرفتاری کے بعد ملزمان ایران کے سرکاری ٹی وی پر لائے گئے تھے جہاں ان کا کہنا تھا کہ وہ اداکار تھے جن کو ’ہیپی‘ کی ویڈیو کے لیے بطور اداکار منتخب کیا گیا تھا اور اس کے لیے ان کے انٹرویوبھی لیے لیے گئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

ان کی گرفتاریوں سے سوشل میڈیا پر ہل چل مچ گئی تھی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں ان کو چھڑانے کی مہم بھی چلائی تھی۔

فیرل ولیمز، جن کے گانے ’ہیپی‘ کو اس سال آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا، نے بھی ان گرفتاریوں پر احتجاج کیا تھا۔

انھوں نے اپنے فیس بک پر لکھا تھا کہ ’یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ان بچوں کو خوشی کا پیغام پھیلانے کی وجہ سےگرفتار کیا گیا۔‘