مصر صدارتی انتخابات میں ’السیسی کی بھاری اکثریت سے جیت‘

،تصویر کا ذریعہReuters
مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صدارتی انتخبات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق فوج کے سابق سربراہ عبدالفتح السیسی بھاری اکثریت سے جیت رہے ہیں۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق جن پولنگ سٹیشنز کے ووٹ گنے جا چکے ہیں ان میں 96 فیصد ووٹ السیسی کو ملے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ووٹنگ کی شرح 45 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
جنرل السیسی مارچ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے تاکہ صدارتی انتحابات میں حصہ لے سکیں۔منتحب صدر محمد مرسی کا تحتہ الٹنے کے لیے فوج کی جانب سے ہونے والی بغاوت کے سربراہ بھی السیسی کو ماننا جاتا ہے۔
انتخابات میں السیسی کے مدِمقابل واحد امیدوار حمدین صباحی نے اس سے قبل کہا تھا کہ ان کی پارٹی نے کئی پولنگ سٹیشنز پر بے ضابطگیاں دیکھی ہیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ وہ انتخابات سے دستبردار نہیں ہوں گے کیونکہ ایسا کرنا مصر کے لیے اچھا نہیں ہو گا۔
صباحی کو دو کروڑ سینتالیس لاکھ ووٹوں میں سے صرف 760000 ووٹ ملے ہیں۔
جمعرات کی صبح السیسی کے حمایتی قاہرہ کی سڑکوں پر نکل آئے اور جیت کا جشن منایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں کم ووٹر ٹرن آؤٹ کے پیشِ نظر پولنگ کو تیسرے دن بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مصر کے اعداوشمار جمع کرنے کے سرکاری ادارے کے مطابق ملک میں خطِ غُربت کے نیجے رہنے والوں کی تعداد سنہ 2000 میں سترہ فیصد تھی جو بڑھ کر سنہ 2013 میں 26 فیصد ہو گئی ہے۔







