صدارتی انتخاب میں شرکت کے لیے السیسی فوجی قیادت سے مستعفی

،تصویر کا ذریعہc
مصر کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انھوں نے اس فیصلے کا اعلان بدھ کو سرکاری ٹی وی پر کیا۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان کی مقبولیت اور مقابلے میں کسی اہم امیدوار کے نہ ہونے کی وجہ سے صدارتی الیکشن میں السیسی کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں۔
فیلڈ مارشل السیسی نے جولائی 2013 میں عوامی مظاہروں کے بعد ملک کے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
بدھ کو اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ مصر کو ’دہشتگردوں سے خطرہ ہے‘ اور وہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر دیں گے۔
مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں انھوں نے کہا تھا کہ مصری عوام کی اکثریت چاہتی ہے کہ وہ صدر کا الیکشن لڑیں اور وہ ان مطالبوں سے پہلو تہی نہیں کر سکتے۔
عبدالفتاح السیسی کے مخالف انھیں ملک میں بڑے پیمانے پر حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں کے لیے ذمہ دار گردانتے ہیں اور انھیں خدشہ ہے کہ السیسی کے صدر بننے کی صورت میں ملک سے حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے صرف تین برس بعد ایک اور مطلق العنان حکومت قائم ہو جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
مصر میں صدارتی انتخاب کے لیے نامزدگی کا عمل اتوار سے شروع ہونے والا ہے تاہم حکومت نے تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صدارتی انتخاب میں السیسی کا مقابلہ بائیں بازو کے سیاست دان حمدین صباحی سے متوقع ہے جو 2012 کے صدارتی انتخاب میں تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ ان دونوں کے علاوہ تاحال کسی شخص نے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا خیال ظاہر نہیں کیا ہے۔
عبدالفتاح السیسی کی جگہ مصری فوج کی سربراہی اور وزیرِ دفاع کا عہدہ اب جنرل صدقی صبحی کو سونپے جانے کا امکان ہے جو کہ اس وقت مصر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف ہیں۔
مصر کے معزول صدر اخوان المسلمین کے محمد مرسی نے عبدالفتاح السیسی کو اگست 2012 میں ملک کا وزیرِ دفاع اور فوج کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
تاہم صدر مرسی سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر عوامی مظاہروں کے بعد فیلڈ مارشل السیسی نے انھیں الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ عوامی خواہش کا احترام کریں ورنہ فوجی مداخلت کے لیے تیار رہیں۔
محمد مرسی کے مستعفی ہونے سے انکار پر عبدالفتاح السیسی نے ملک کا آئین معطل کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت قائم کر دی تھی۔







