امریکہ: غرقاب بحری جہاز سے 28 کلو سونا برآمد

ایس ایس سینٹرل امریکن نامی بحری جہاز سنہ 1857 میں غرق ہوا تھا اور اس حادثے میں 425 افراد ہلاک ہوئے تھے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنایس ایس سینٹرل امریکن نامی بحری جہاز سنہ 1857 میں غرق ہوا تھا اور اس حادثے میں 425 افراد ہلاک ہوئے تھے

امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے بحرِ اوقیانوس میں غرق ہونے والے ایک بحری جہاز سے 28 کلو 349 گرام سونا برآمد کیا ہے جس کی مالیت 13 لاکھ ڈالر ہے۔

اوڈیسی میرین ایکسپلوریشن آف ٹیمپا نامی کمپنی کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دریافت ہونے والے سونے کو سنہ 1999 کے بعد سے نہیں نکالا گیا۔

اس دریافت کے بعد اس افواہوں کو تقویت ملی ہے کہ غرق ہونے والے بحری جہاز میں دسیوں لاکھ ڈالر مالیت کا سونا موجود ہے۔

خیال رہے کہ ایس ایس سینٹرل امریکن نامی بحری جہاز سنہ 1857 میں غرق ہوا تھا اور اس حادثے میں 425 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بحری جہاز جنوبی کیلی فورنیا کے ساحل سے 257 کلومیٹر دور طوفان میں پھنس گیا تھا اور اس میں 21 ٹن سونا موجود تھا۔

یہ سونا اپریل کے وسط میں ہونے والی ایک مہم کے دوران دریافت کیا گیا تھا۔

گذشتہ 25 برس کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب اس بحری جہاز سے سونا دریافت کیا گیا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس میں اور کتنا سونا موجود ہے۔

گذشتہ 25 برس کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب اس بحری جہاز سے سونا برآمد کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنگذشتہ 25 برس کے دوران یہ پہلا موقع ہے جب اس بحری جہاز سے سونا برآمد کیا گیا ہے

خیال رہے کہ سنہ 1980 کی دہائی کے آخر اور سنہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں اس بحری جہاز سے چار سے پانچ کروڑ ڈالر برآمد ہوئے تھے جس کے بعد قانونی تنازعات کے بعد اس آپریشن کو بند کر دیا گیا تھا۔

اوڈیسی میرین ایکسپلوریشن آف ٹیمپا نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس بحری جہاز میں اب بھی کافی مقدار میں سونا موجود ہے۔

کمپنی نے مارچ میں اس بحری جہاز میں تلاشی کے حقوق جیتے تھے۔

واضح رہے کہ سنہ 1988 میں میرین ایکسپرٹ تھامس تھامسن نے سب سے پہلے اس بحری جہاز کی جگہ کی نشاندہی کی تھی۔