کویت:بغاوت کی سازش کی خبر دینے پر اخبار ’بند‘

،تصویر کا ذریعہAFP
کویت میں ایک جج نے حکومت کے خلاف مبینہ بغاوت کی سازش کی خبر دینے پر دو اخبارات کو عارضی طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
الوطن اور عالم الیوم نامی اخبارات میں ایک ایسی ویڈیو ٹیپ کی تفصیلات شائع ہوئی تھیں جن میں دو سابق سینیئر افسران کو حکومت کا تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔
عدالت نے ان دونوں اخبارات کی اشاعت دو ہفتے کے لیے معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
الوطن کے مدیر نے کہا ہے کہ وہ اس معطلی کے خلاف اپیل کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں ہم نے کسی اور اخبار کے مقابلے میں اس ٹیپ کے بارے میں زیادہ بات نہیں کی۔‘
کویتی اخبارات میں ملک کے امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کی حکومت کے خلاف بغاوت کے منصوبے والی اس ٹیپ کی خبریں رواں سال کے آغاز سے ہی گردش میں ہیں۔
حال ہی میں امیر کے دفتر کی جانب سے ایک بیان میں ذرائع ابلاغ سے کہا گیا تھا کہ وہ اس موضوع پر مزید بحث نہ کریں۔
رواں ماہ کے آغاز میں کویت میں حکام نے اس معاملے کی تحقیقات کی خبر ذرائع ابلاغ کو فراہم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور گذشتہ ہفتے کویتی پارلیمان میں ٹیپ پر بحث کے دوران میڈیا کو دور رکھا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کویت میں تقریباً ایک درجن اخبارات شائع ہوتے ہیں جن میں اکثر حکومتی وزرا پر تنقید بھی کی جاتی ہے جن میں سے اکثر کا تعلق شاہی خاندان سے ہے۔







