سعودی عرب: وائن کی 12 ہزار بوتلیں سمگل کرنے کی کوشش ناکام

سعودی عرب میں حکام کے مطابق ملک میں وائن کی 12 ہزار بوتلیں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔
سعودی عرب میں کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ وائن کی بوتلیں سرحدی مقام بتحا سے ہمسایہ ریاست متحدہ عرب امارات میں سمگل کی جا رہی تھیں۔
سعودی اخبار الریاض نے عید العنزی چیک پوسٹ کے ڈائریکٹر کے حوالے سے بتایا کہ سمگلروں نے وائن کی بوتلیں ایک بس کے ذریعے سمگل کرنے کی کوشش کی۔
چیک پوسٹ کے ڈائریکٹر کے مطابق سمگلر بہت ماہر تھے اور انھوں نے بوتلوں کو تاروں میں لپیٹ رکھا تھا۔
کسٹم حکام نے تاروں کے گھچے کو کھولا تو نیچے سے وائن کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
متحدہ عرب امارات میں شراب پر قدرے کم سختی ہے اور حکام نے سرحدی سکیورٹی میں معمول کے اضافے کے دوران وائن کی سمگلنگ کو ناکام بنایا۔
سعودی عرب میں شراب پر مکمل پابندی ہے اور شراب نوشی کرتے ہوئے پکڑے جانے کی صورت میں سرعام کوڑے مارے جانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔



