’کائے سونگ زون 16 ستمبر کو کھولا جائے گا‘

کائے سونگ دونوں ممالک کے درمیان واحد فعال مشترکہ پروجکٹ ہے
،تصویر کا کیپشنکائے سونگ دونوں ممالک کے درمیان واحد فعال مشترکہ پروجکٹ ہے

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں حکام کا کہنا ہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان کائے سونگ اقتصادی زون کو سولہ ستمبر کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن وزارت نے کہا کہ منگل کو رات دیر تک جاری مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان کائے سونگ اقتصادی زون کو دوبارہ کھولنے پر اتفاق ہوا۔

یاد رہے کہ اپریل کے مہینے میں شمالی کوریا نے بڑھتے ہوئے سیاسی تنازعات کے باعث اپنے ملازمین کو واپس بلا لیا تھا جس کی وجہ سے اس وقت سے وہاں کام بند ہے۔

<link type="page"><caption> کائے سونگ اقتصادی زون کھولنے پر اتفاق</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2013/08/130814_koreas_reach_deal_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن وزارت نے گذشتہ مہینے کہا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان کائے سونگ اقتصادی زون کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں ایک پانچ نکاتی معاہدے پر اتفاق ہوا تھا تاہم اب اس اقدام کے لیے تاریخ کا تعین کر دیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس معاہدے میں کہا گیا تھا کہ ’جنوبی اور شمالی کوریا ملازمین کی واپسی کے نتیجے میں کائے سونگ اقتصادی کمپلکس کے بند ہو جانے جیسے واقعات کو پھر سے نہیں ہونے دیں گے۔‘

کائے سونگ اقتصادی کمپلکس دونوں کوریائی ممالک کے درمیان سرحد پر شمالی کوریا میں واقع علاقہ ہے جہاں جنوبی کوریا کی 123 فیکٹریاں قائم ہیں جن میں شمالی کوریا کے 50 ہزار سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔

یہ دونوں ممالک کے مابین آخری فعال مشترکہ پروجیکٹ ہے اور پیونگ یانگ کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ ہے۔

پیونگ یانگ نے اس زون سے اپریل کے مہینے میں اپنے 53 ہزار مزدوروں کو بظاہر اقوام متحدہ کے ذریعے لگائی گئي پابندی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ہٹا لیا تھا۔

اس سال 12 فروری کو جب شمالی کوریا نے ایٹمی تجربہ کیا تو اس کے جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور اقوام متحدہ نے اس پر بعض پابندیاں عائد کی تھیں۔