نیروبی کے مرکزی ہوائی اڈے پر آتشزدگی

کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے مرکزی ہوائی اڈے پر شدید آگ بھڑک اٹھی ہے جس کے نتیجے میں ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا ہے۔
کینیا ایئر پورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جومو کینیاتا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تمام مسافروں کو نکال لیا گیا ہے۔
کابینہ کے سیکرٹری برائے ذرائعِ آمدورفت مائیکل کاماؤ کا کہنا ہے کہ آگ ’بہت شدید‘ ہے اور انہوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ ہوائی اڈے سے دور رہیں۔
تصاویر میں عمارت کے ایک بڑے حصے سے آگ کے شعلوں کو لپکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے اور آگ لگنے کی وجہ بھی اب تک واضح نہیں ہے۔
جومو کینیاتا ہوائی اڈہ مشرقی افریقہ کی پروازوں کے لیے اہم ہوائی اڈہ ہے جہاں سے خطے کے باقی ممالک کو جہاز جاتے ہیں۔
اسی طرح اس ہوائی اڈے پر بڑی بین الاقوامی ہوائی کمپنیاں سہولت فراہم کرتی ہیں جن کے مسافروں کو اس ہوائی اڈے سے آگے مختلف منزلوں کے لیے فضائی سفر کی سہولت ملتی ہے۔

بی بی سی کے ڈیوڈ اوکویمبے ہوائی اڈے پر موجود ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینسیں ہوائی اڈے کی جانب جاتی دیکھی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آگ لگنے اور ہوائی اڈہ بند کیے جانے سے پہلے اترنے والی آخری پرواز پر سوار ایک مسافر جولیان کیولا نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے طیارے سے ہوائی اڈے کی عمارت سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ طیارہ ہوائی اڈے پر اتر چکا ہے مگر اس کے مسافر ابھی تک کارگو والے حصے میں پھنسے ہوئے ہیں جو آگ سے کافی فاصلے پر ہے مگر پھر بھی مسافر ہوائی اڈہ نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر ایک پر سکون ہے، عملہ بھی پر سکون ہے اور ہم طیارے سے اتر چکے ہیں مگر مسافروں کو کچھ زیادہ معلومات نہیں دی جا رہی ہیں۔‘
کینیا کی وزارتِ داخلہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہوائی اڈے پر ہنگامی پروازوں کے علاوہ تمام آمدورفت منسوخ کر دی گئی ہے اور ہوائی اڈہ بند کر دیا گیا ہے۔







