عراق میں تیسرے دن بھی دھماکے، 21 ہلاک

عراقی پولیس اور طبی عملے کا کہنا ہے کہ اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ دھماکے کربلا، ناصریہ، بصرہ اور کوت کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں افطار سے کچھ دیر قبل ہوئے اور ان میں 15 افراد مارے گئے۔
اس سے قبل اتوار کی صبح سنّی اکثریتی صوبے نینوا کے شہر موصل میں ہونے والے دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اتوار کو سب سے بڑا دھماکا ملک کے جنوبی شہر بصرہ میں ایک سیاسی جماعت کے صدر دفتر کے قریب ہوا اور اس میں 8 افراد مارے گئے۔
اس کے علاوہ مصیب میں ایک مسجد اور ناصریہ میں ایک بازار میں دھماکہ ہوا جبکہ کربلا میں بھی مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ لگاتار تیسرا دن ہے کہ عراق میں بم دھماکوں میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ سنیچر کو بغداد میں ایک خودکش حملے اور ایک بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اور 40 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔
اس سے قبل جمعہ کو ملک کے شمالی شہر کرکوک کے ایک کیفے میں ہونے والے دھماکے میں 38 افراد مارے گئے تھے۔
عراق میں گزشتہ چند ماہ میں تشدد میں تیزی آئی ہے اور اقوامِ متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2013 سے اب تک ڈھائی ہزار عراقی مارے جا چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
.







