سعودی عرب: زائرین کو احتیاط کا مشورہ

سعودی عرب میں وزارتِ صحت کے حکام نے زائرین کو خبردار کیا ہے کہ مقدس مقامات کی زیارت کے دوران پرہجوم مقامات پر ماسک کا استعمال کریں تاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
سعودی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کیے جانی والی ایک فہرست میں عمر رسیدہ زائرین سے کہا گیا ہے کہ دائمی بیماری کی صورت میں وہ سعودی عرب آنے سےگریز کریں۔
سعودی عرب میں ایم ای آر ایس کرونا وائرس سے اڑتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماہ رمضان کے دوران زائرین کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب جاتی ہے جبکہ رواں سال اکتوبر میں حج کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں سعودی عرب پہنچیں گے۔
محکمۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زائرین ذاتی حفظان صحت کے معیار کا خاص خیال رکھیں جس میں کھانسی اور چھینکنے کے دوران ٹشو پیر کا استمعال کریں اور تمام ضروری ویکسین کرائی جائیں۔
سعودی عرب میں یہ وائرس سال ستمبر سال دو ہزار بارہ میں پہلی بار سامنے آیا تھا۔وائرس جراثیم کے اسی خاندان سے تعلق رکھتا ہے جو ’سارس‘ کی شکل میں 2003 میں ایشیا میں سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ سارس کی طرح کورونا وائرس انسان اور جانور دونوں میں تنفس کے عمل کو متاثر کرتا ہے۔
رواں سال مئی میں صحت کے عالمی ادارے ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ جرثومہ’کورونا‘وائرس یعنی این سی او وی انسان سے انسان میں منتقل ہو سکتا ہے۔



