ماسکو میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

حکام کے مطابق شدت پسندوں نے شمالی وزیرستان میں تربیت حاصل کی تھی
،تصویر کا کیپشنحکام کے مطابق شدت پسندوں نے شمالی وزیرستان میں تربیت حاصل کی تھی

روس کے دارالحکومت ماسکو میں حکام کے مطابق دہشت گردی کا ایک منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

کارروائی میں ایک شدت پسند کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے اورکووؤ زیوو کے علاقے میں ایک مکان میں کارروائی کی جہاں شدت پسندوں کا ایک گروپ ماسکو میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق مشتبہ شدت پسند روسی شہری تھی اور انہوں نے پاکستان میں تربیت حاصل کی تھی۔

سرکاری بیان کے مطابق’ایک متحرک آپریشن کے دوران تخریب کاروں کو گھیرے میں لیا گیا اور جب ان سے خود کو حکام کے حوالے کرنے کا کہا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔‘

’قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کا شکریہ، جن کی فیصلہ کن کارروائی کے نتیجے میں دارالحکومت دہشت گردی کے واقعہ سے بچ گیا‘۔

ایک روسی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر روس کے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ شدت پسندوں کا ہدف وسطیٰ ماسکو میں ایک بڑا اجتماع تھا تاہم مزید معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں کیونکہ ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کے مطابق تینوں مسلمان ہیں اور ان کی ایک ماہ سے خفیہ نگرانی کی جا رہی تھی۔

ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے پر خبر رساں ادارے انٹرفیکس کو بتایا ہے کہ تینوں نے پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں تربیت حاصل کی تھی۔