ماسکو میں سی آئی اے ایجنٹ کی گرفتاری

روسی میڈیا نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر سی آئی اے کے ایک ایجنٹ کو ماسکو میں تھوڑے وقفے کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ان پر یہ الزام ہے کہ وہ روس کے ایک اہلکار کو امریکہ کے لیے جاسوسی کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
روس کی وفاقی سیکورٹی سروس نے کہا ہے کہ مبینہ امریکی ایجنٹ کو رات بھر کے لیے حراست میں رکھا گیا اور پھر انہیں امریکی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
خبروں میں کہا جا رہا ہے کہ مبینہ امریکی جاسوس ماسکو میں امریکی سفارت خانے میں انڈر سیکرٹری کے عہدے پر معمور تھے۔
یہ بھی بتایا گيا ہے کہ اس شخص کو خطیر رقم، تکنیکی آلہ جات اور تحریری ہدایات کے ساتھ گرفتار کیاگیا۔
کہا جا رہا ہے کہ یہ تمام چیزیں اس روسی افسر کے لیے تھیں جن کی وہ تقرری کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
امریکی جاسوس کا نام ریان فوگلی بتایا جا رہا ہے اور یہ کہ وہ موسکو میں امریکی سفارتخانے میں تھرڈ سیکرٹری کے طور کام کر رہے تھے۔
بہر حال اس بابت امریکی سفارت خانے سے کوئی بیان نہیں آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ امریکہ میں بوسٹن میراتھن بم دھماکے کے بعد روس اور امریکہ نے حال ہی میں سیکورٹی تعاون پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اس میں تیزی لانے کی بات کہی ہے۔
جاسوسوں پر نظر رکھنے والے روسی ادارے ایف ایس بی نے کہا ہے کہ ’ایف ایس بی کے ایجنٹوں نے سی آئی اے کے ایک سٹاف کو حراست میں لیا جو کہ ماسکو میں امریکی سفارتخانے میں تیسرے سیاسی سیکرٹری کے بھیس میں کام کر رہا تھا۔‘
اس نے مزید کہا: ’حراست کے وقت ان سے مخصوص تکنیکی آلہ جات، جس روسی شہری کی تقرری کی جا رہی تھی اس کے لیے تحریری ہدایت نامے کے ساتھ کافی رقم اور بھیس بدلنے کے سامان برامد کیے گئے۔‘







