افغانستان میں پہلے جرمن فوجی کی ہلاکت

افغانستان میں تعینات اتحادی افواج میں شامل جرمن فوج کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں نے پہلی دفعہ ان کے کے ایس کے کمانڈو یونٹ کے فوجی کو ہلاک کیا ہے۔
یہ فوجی بغلان شہر کے قریب شدت پسندوں کے حملے میں مارا گیا جبکہ ایک دوسرا جرمن فوجی اس حملے میں زخمی ہو گیا۔
جرمنی کے فوج کا خصوصی دستہ افغان فوجیوں کے ایک عسکری کارروائی میں مدد کر رہا تھا کہ اس دوران وہ حملے کی زد میں آ گیا۔
افغانستان میں موجود اتحادی افواج میں امریکہ اور برطانیہ کے بعد جرمن فوج تیسری بڑی افرادی قوت ہے۔
افغانستان میں جرمن فوج کے خصوصی دستے کے مشن کے بارے میں کم ہی معلوم ہوتا ہے کیونکہ ان کی کارروائیاں خفیہ ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے حکام نے کہا تھا کہ سنیچر کو دو الگ واقعات میں سات امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
ایساف کے حکام کے مطابق پانچ فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ جنوبی صوبے ہلمند کے ضلع مائیوندمیاں میں پیش آیا تھا۔
اتحادی فوج کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان کے مطابق یہ فوجی معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی سڑک پر نصب بم سے ٹکرا گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر مغربی صوبہ فرح میں ایک افغان فوجی نے فائرنگ کر کے دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ اس واقعے پر طالبان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فوجی ان کا ساتھی تھا۔
افغانستان میں طالبان کی جانب سے موسم بہار میں نئے آپریشن شروع کرنے کے اعلان کے بعد افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے گذشتہ ہفتہ انتہائی خونی ثابت ہوا۔
گذشتہ ہفتے میں نیٹو کی سربراہی میں کام کرنے والی ایساف فورسز سے تعلق رکھنے والے ستائیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
پچھلے ہفتے تین ہوائی حادثوں میں انیس امریکی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
منگل کے روز صوبہ قندھار میں ایک اسی طرح کے حملے میں تین برطانوی فوجی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
گذشتہ ہفتے طالبان نے نو افغان شہریوں کو بھی گرفتار کر لیا تھا جو بارودی سرنگوں کو ہٹا رہے تھے۔ طالبان نے بعد میں ان افراد کو رہا کر دیا تھا۔







