افغانستان:دھماکے میں تین نیٹو فوجی ہلاک

افغان طالبان نے اتوار کو ملک میں موسم بہار کی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا
،تصویر کا کیپشنافغان طالبان نے اتوار کو ملک میں موسم بہار کی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا

افغانستان میں حکام کے مطابق سڑک کنارے نصب ایک بم کے پھٹنے سے نیٹو کے تین اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

نیٹو حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں صرف ہلاکتوں کے بارے میں بتایا گیا ہے لیکن ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شہریت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔

دریں اثناء صوبہ قندھار میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے تین افغان شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبہ قندوز میں شدت پسندی کے ایک واقعے میں دو افغان شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

نیٹو اہلکاروں کی ہلاکت کا واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب اتوار کو ہی افغان طالبان نے ملک میں موسم بہار کی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔

طالبان نے ان کارروائیوں میں غیر ملکی فوجیوں کو ہدف بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ایک دن پہلے پیر کو امریکی فوج کے سب سے بڑے فوجی اڈے بگرام پر مال برداری کے ایک نجی طیارے کے حادثے میں جہاز کے عملے کے سات ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

طالبان نے فوری طور پر اس واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی تھی تاہم نیٹو فوج کے مطابق حادثے کے وقت علاقے میں طالبان کی کسی قسم کی نقل و حرکت نہیں تھی۔

افغانستان سے آئندہ سال غیر ملکی فوج نکل جائیں گی اور اس کے بعد ملک میں سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان سکیورٹی فورسز کے پاس ہوں گی۔