بیلجیئم میں نوٹوں کی بارش

پولیس چوروں کو نہیں پکڑ سکی ہے لیکن اس نے راہگیروں سے اچھی خاصی رقم واپس لے لی ہے
،تصویر کا کیپشنپولیس چوروں کو نہیں پکڑ سکی ہے لیکن اس نے راہگیروں سے اچھی خاصی رقم واپس لے لی ہے

بیلجیئم کی پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس رقم کو لوٹا دیں جسے چوروں نے چلتی ہوئی گاڑی سے باہر پھینک دیا تھا۔

بیلجیئم کے قصبے زیدلام میں ہزاروں پونڈ اس وقت لوگوں کے ہاتھ لگ گئے جب چوروں نے پولیس کی توجہ بٹانے کے لیے اس سیف کو تیز رفتارگاڑی سے باہر پھینک دیا جسے انہوں نے ایک گھر سے چوری کیا تھا اور پولیس ان کا تعاقب کر رہی تھی۔

چوروں نے جب سیف گاڑی سے باہر پھینکا تو وہ کھل گیا اور ہزاروں نوٹ ہوا میں اڑنے لگے۔

ایک راہگیر نے بتایا کہ اس نےدس ہزار یورو قابو کیے لیکن پولیس نے فوراً ہی اس سے رقم واپس لے لی۔ ایک اور راہگیر نے کہا کہ ایسا لگ رہا تھا کہ نوٹوں کی بارش ہو رہی تھی۔

پولیس ابھی تک چوروں تک نہیں پہنچ پائی ہے لیکن اس نے راہگیروں سے رقم کا ایک بڑا حصہ واپس لے لیا ہے۔

ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ لوگوں نے سڑک پر بکھرے نوٹوں سے اپنی جیبیں بھر لیں۔ کچھ لوگوں نے رقم واپس کر دی ہے لیکن اب بھی بہت ساری رقم واپس نہیں کی گئی ہے۔

پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رقم واپس کر دیں اور اگر انہوں نے ایسا نہ کیا اور پولیس نے یہ رقم برآمد کر لی تو اس شخص کو جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔