شنگھائی: برڈ فلو کے بعد پولٹری بازار بند

شنگھائی کی پولٹری مارکیٹ میں ایک کبوتر میں وائرس ملنے کے بعد سے پولٹری کو بڑے پیمانے پر ضائع کیا جا رہا ہے
،تصویر کا کیپشنشنگھائی کی پولٹری مارکیٹ میں ایک کبوتر میں وائرس ملنے کے بعد سے پولٹری کو بڑے پیمانے پر ضائع کیا جا رہا ہے

چین کے شہر شنگھائی میں حکام کا کہنا ہے کہ برڈ فلو وائرس ملنے کے بعد شہر کے پولٹری بازاروں کو عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔

شہر کی انتظامیہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کے تحفظ کو سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

چین میں ایوین فلو وائرس ایچ سیون این نائن کے گیارہ واقعات سامنے آئے ہیں جس سے چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس سے پہلے ایوین فلو کا یہ وائرس، جسے عرف عام میں برڈ فلو بھی کہا جاتا ہے، انسان میں نہیں دیکھا گیا۔

شنگھائی کی پولٹری مارکیٹ میں ایک کبوتر میں وائرس ملنے کے بعد سے پولٹری کو بڑے پیمانے پر ضائع کیا جا رہا ہے۔

اس سے پہلے امریکی میں بیماریوں کی روک تھام کے ادارے سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ وہ برڈ فلو کی ایک نئی وبا کی باریک بینی سے نگرانی کر رہے ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیش نے کہا ہے کہ ابھی اس وائرس کے ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

لیبارٹری ٹیسٹوں سے پتہ چلا ہے کہ ایوین فلو کی اس قسم ایچ سیون این نائن پر اینٹی بائیوٹک ٹیمی فلو اور ری لینزا نامی ادوایات سے قابو پانا ممکن ہے۔

چین میں چار سو ایسے لوگوں کی کڑی نگرانی ہو رہی ہے جن کا وائرس کا شکار ہونے والے گیارہ افراد سے کوئی تعلق رہا ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ابھی تک چین میں سفر سے متعلق کوئی ہدایت نامہ جاری نہیں کیا ہے۔