نیٹو کے فضائی حملے میں افغان اہلکار ہلاک

نیٹو کے فضائی حملے میں عام شہری ہلاک ہوتے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشننیٹو کے فضائی حملے میں عام شہری ہلاک ہوتے رہے ہیں

افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ نیٹو کے فضائی حملے میں اس کے چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ مشرق کے صوبہ غزنی میں پیش آیا ہے جہاں اطلاعات کے مطابق نیٹو کی فضائیہ کو مدد کے لیے بلایا گيا تھا۔

صوبائی حکومت کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ متاثرہ اہل کار سادے کپڑوں میں تھے اور ممکن ہے کہ شناخت کی غلطی کے سبب انہیں طالبان سمجھ کر نشانہ بنایا گيا ہو۔

یہ واقعہ طالبان کے ایک حالیہ حملے کے بعد پیش آیا جنہوں نے علی الصبح پولیس کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی پولیس کی مدد کے لیے نیٹو سے مدد طلب کی گئی تھی جس کے فضائي حملے میں خود پولیس ہی نشانہ بن گئی۔

نیٹو اس معاملے کی تفتیش کر رہا ہے۔افغانستان میں فضائی حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف کئی حلقوں کی جانب سے اور آوازیں اٹھتی رہی ہیں اور یہ ایک حساس معاملہ بن چکا ہے۔

اس سے قبل ایک عدالتی احاطے پر طالبان کے حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

افغانستان میں نیٹو افواج طلبان سے گزشتہ گيارہ برسوں سے بر سرپیکار ہے لیکن اب تک انہیں شکست نہیں دی جا سکی ہے۔

آئند برس کے انخلاء کے پروگرام کے تحت نیٹو کے تقریبا ایک لاکھ فوجی افغانستان سے چلے جائیں گے۔