مائیک ٹائی سن کو دھمکی، ٹوئٹر کو سمن

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکہ کہ شہر نیویارک میں پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو سمن جاری کیا ہے تاکہ اس شخص کی شناخت معلوم کی جا سکے جس نے سابق باکسر مائیک ٹائی سن کو ان کے شو کے دوران گولی مارنے کی دھمکی دی تھی۔
کمپنی نے پولیس کی جانب سے ٹویٹ کرنے والے شخص کی شناخت ظاہر کرنے سے متعلق ابتدائی درخواست مسترد کر دی تھی۔ پولیس نے یہ درخواست اس لیے کی کہ ٹوئٹر کے ایک صارف نے ہجوم پر ہونے والے فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بارے میں پہلے ہی ٹویٹ میں خبردار کیا تھا۔
مائیک ٹائی سن کا شو ’ان ڈیسپیوٹڈ ٹرتھ‘ یعنی ’غیر متنازع سچ‘ جمعرات کو شروع ہوا ہے۔
دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس نے اس شو کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ای بی سی کے مطابق اس شخص نے کئی دوسری اہم شخصیات کو بھی دھمکیاں دیں ہیں۔
منگل کی شام نیویارک پولیس نے بتایا کے ٹویٹر کو سمن جاری کر دیے گئے ہیں۔
جولائی اور اگست کے اوائل میں ایک نامعلوم شخص نے تھیٹر پر مرحلہ وار حملوں سے متعلق کئی ٹویٹس کیے۔
ایک ٹویٹ میں لکھا تھا ’میں سنجیدہ ہوں آرورا (امریکی شہر) میں لوگ مرنے والے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیس جولائی کو امریکی شہر آرورا کے ایک تھیٹر میں بیٹ مین کی نئی فلم کے دوران سینما میں فائرنگ سے بارہ افراد ہلاک اور اٹھاون زخمی ہو گئے تھے۔
اس کے بعد کی گئی ایک ٹویٹ میں ایک شخص کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس نے کہا کہ’ اس وقت میں فلوریڈا میں ہوں لیکن میں وعدہ کرتا ہوں کہ ایسا ہوگا۔ میں اپنی ہٹلسٹ مکمل کر رہا ہوں۔‘







