پوپ کا ہم جنس شادیوں کے خلاف بیان

،تصویر کا ذریعہGetty

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے ہم جنس شادیوں کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے یہ بات ویٹیکن کے دورے پر آئے ہوئے امریکی پادریوں سے ایک خطاب کے دواران کہی۔ پوپ نے خبردار کیا کہ ’پراثر سیاسی اور ثقافتی لہریں شادی کی تعریف کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘

انہوں نے امریکی پادریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گرجوں میں اس بات پر زور دیں کہ شادی سے پہلے کسی کے ساتھ جنسی تعلقات رکھنا نہ صرف ایک بہت بڑا گناہ ہے بلکہ اس سے معاشرتی استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پوپ بینیڈکٹ کے یہ بیانات ایک ایسے وقت آئے ہیں جب امریکی ریاستوں واشنگٹن اور میری لینڈ نے ہم جنس شادیوں کو قانونی طور پر جائز قرار دے دیا ہے۔

پوپ نے مزید کہا ’شادی کے معنی کے لحاظ سے جنس میں فرق ہونے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔‘

اگرچہ انہوں نے اس بات کا اقرار کیا کہ یہ عین ممکن ہے کہ نوجوانوں کو ان کے یہ بیانات ثقافت مخالف لگیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ روایتی شادیوں کے دفاع میں پادری جو کچھ کر سکیں وہ کریں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں امریکہ میں اوباما حکومت کے ایک نئے فیصلے کے تحت صحت کی انشورنس کے پلان میں مانع حمل اشياء کی سروس لازم کر دی گئی تھی جس کے خلاف بہت سے امریکی پادریوں کا احتجاج جاری ہے۔