گوگل: چین میں لائسنس بحال

انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے کہا ہے کہ چین کی حکومت نے اس کا لائسنس بحال کر دیا ہے۔ گوگل کے چین میں کام کرنے کے لیے لائسنس کی بحالی سے فریقین کے درمیان دو سال سے جاری تنازعہ حل ہو گیا ہے۔
گوگل نے لائسنس کی بحالی کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
واضح رہے کہ چین کی حکومت اور انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کی انتظامیہ کے درمیان سینسر شپ اور دیگر ویب سائٹس پر پابندیوں کے حوالے سے گوگل کو کئی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
گزشتہ ماہ گوگل انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گوگل چینی صارفین کو ہانگ کانگ کی سائٹ پر لے جانے کے بجائے انہیں ایک عبوری صفحے یعنی ’لینڈنگ پیج‘ پر لے جائے گا جہاں سے ان کے پاس ہانگ کانگ کی سائٹ پر جانے کا اختیار ہوگا لیکن اس کے لیے انہیں خود اس پیج پر کہیں بھی کلک کرنا ہوگا۔



