متنازعہ کارٹونسٹ کےگھرگھسنے والا گرفتار

ڈنمارک میں پولیس نے پیغمبراسلام کے توہین آمیز کارٹون بنانے والے کے گھر میں گھس کر قتل کی دھمکی دینے والے کو گولی مار کر زخمی کر دیا ہے۔
کرٹ ویسٹرگارڈ نے پانچ برس پہلے پیغمبراسلام کے بارے میں وہ توہین آمیز کارٹون بنائے تھے جن پر ساری دنیا میں مسالمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا اور ڈنمارک اور مسلم دنیا کے مابین تعلقات بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
کرٹ ویسٹرگارڈ نے کبھی بھی اپنے فعل پر ندامت ظاہر نہیں کی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ آرہس شہر میں پیش آیا اور کرٹ اپنے گھر پر تھے جب ایک شخص نے اندر گھس کر انہیں دھمکایا۔
اس پر کرٹ ویسٹرگارڈ نے پولیس کو مطلع کرنے والا ایک بٹن دبایا جس نے اندر آکر حملہ آور کو گولی مارکر زخمی کردیا۔ کرٹ ویسٹرگارڈ کو اس واقعے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور اٹھائیس برس کا صومالی باشندہ ہے جس کا تعلق ریڈیکل اسلامی گروپ ’الشباب‘ سے ہے۔
کرٹ ویسٹرگارڈ کو سن دوہزار پانچ میں توہینِ آمیز کارٹون کی اشاعت کے بعد سے پولیس چوبیس گھنٹے تحفظ دے رہی تھی اور ان کے گھر کو بھی ایسے واقعات کے مقابلے کے لیے خاص طور پر محفوظ بنایا گیا تھا لیکن پھر بھی حملہ اور گھر کے اندر گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔



