’بچی کو کتوں نے پالا‘

روس میں حکام نے بتایا ہے کہ انہیں ایک ایسی پانچ سالہ بچی ملی ہے جو کُتے اور بلییوں کی صحبت میں پلی ہے اور جو بھونکتی ہے لیکن بول نہیں سکتی۔
یہ بچی سائبیریا کے شہر چِتا میں ایک گندے غلیظ فلیٹ میں رہتی تھے۔ وہ اس فلیٹ سے کبھی باہر نہیں نکلی تھی اور اس نے وہاں اس کے ساتھ رہنے والے جانوروں کا رویہ اپنا لیا تھا۔
حکام نے اب اس بچی کو اپنے تحویل میں لے لیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ کتوں کی طرح بھونکتی ہے اور جب اس کی دیکھ بھال کرنے والا کمرے سے نکل کر جاتا ہے تو وہ کتوں کے انداز میں دروازے پر چھلانگیں مارتی ہے۔
بچی کے ساتھ اس فلیٹ میں دو بّزرگ سمیت خاندان کے کئی اور افراد بھی رہ رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بچی کی والدہ سے پولیس پوچھ گچھ کر رہی ہے تاہم اس کا والد فلیٹ میں نہیں تھا اور اس کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق یہ بچی بہت گندی حلات میں پائی گئی۔ وہ انتہائی غلیظ کپڑوں میں ملبوس تھی اور اس کا جانوروں جیسا رویہ تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ’یہ بچی پانچ سال تک اس فلیٹ سے کہیں باہر نہیں گئی اور کئی کتے اور بلیوں کے ساتھ پلی ہے۔‘ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی جانوروں جیسی آوازیں نکال سکتی ہے لیکن بول نہیں سکتی البتہ بظاہر وہ روسی زبان سمجھ سکتی ہے۔
روس کے صدر دمتری میدی ایدیف نے کئی ماہ پہلے کہا تھا کہ بچوں کے تحفظ اور ان کو ظلم و زیادتی سے بچانے کے لیے مزید اقدامات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس میں ساڑھے سات لاکھ بچے خطرناک حالات میں اپنی زندگیاں بسر کر رہے ہیں۔



