انڈونیشیا: طیارے کے حادثے میں 97 ہلاک

انڈونیشیا میں فوج کے ایک مال بردار طیارے کے حادثے میں کم سے کم ستانوے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ یہ طیارہ جکارتا سے مشرقی جاوا جا رہا تھا اور اس پر سو سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
یہ سی ون تھرٹی ہرکیولیز طیارہ اِسوایودھی فضائی اڈے پر اترنے کے بجائے اس کے قریب گیپلاک نامی گاؤں کے آباد علاقے میں اترا اور مکانات سے ٹکراتے ہوئے تباہ ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں زمین پر موجود کم سے کم دو افراد شامل ہیں۔
یہ حادثہ دن کے وقت ہوا اور بظاہر روشنی کا اس وقت کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ حادثے سے کچھ منٹ پہلے تک کنٹرول والوں کا عملے سے رابط برقرار تھا۔یہ حادثہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چھ بجے ہوا۔
فضائیہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ طیارہ معمول کے تربیتی مشن پر تھا اور اس پر عملہ اور دیگر سمیت 112 افراد سوار تھے۔ یہ حادثہ چاول کے کھیت کے کنارے ہوا جہاں سے زخمیوں کو نکالنے میں امدادی کارکنوں کو خاصی مشکل پیش آ رہی تھی۔
مادیون کے ایک ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا ہے کہ ہسپتال میں چار مریض ایسے داخل ہیں جن کا ہڈیوں کے فریکچر اور سر پر چوٹوں کے لیے علاج کیا جا رہا ہے۔
انڈونیشیا میں پچھلے ماہ بھی فضائیہ کے ایک فوکر 27 طیارے کا حادثہ ہوا تھا جس میں یہ طیارہ ہوائی اڈے کے ہینگر سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں طیارے پر سوار تمام چوبیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس کے علاوہ بھی انڈونیشیا میں فوجی طیاروں کے کئی حادثے ہو چکے ہیں۔ فضایئہ ماضی میں یہ کہہ چکی ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے اسے بہت مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







