القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کے زندہ ہونے کا ثبوت: نئی ویڈیو میں انڈیا کی مسکان خان کی تعریف

ایمن الظواہری

،تصویر کا ذریعہAl-QAEDA

القاعدہ کی جانب سے ایک نئی ویڈیو منظر عام پر لائی گئی ہے جس میں تنظیم کے سربراہ ایمن الظواہری کے زندہ ہونے کا ثبوت دیا گیا ہے۔

دو مئی 2011 کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ایک امریکی فوجی کارروائی میں ہلاکت کے بعد ایمن الظواہری کو سربراہ تعینات کیا گیا تھا۔ اسامہ بن لادن کو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ہلاک کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر ایمن الظواہری کئی سال تک اسامہ بن لادن کے نائب کے طور پر کام کرتے رہے ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ نائن الیون حملوں کے پیچھے عملی طور پر انہیں کا دماغ کارفرما تھا۔

واضح رہے کہ القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری کے بارے میں 2020 کے اواخر میں یہ اطلاعات تھیں کہ ان کا انتقال ہو چکا ہے یا پھر وہ بیمار ہو چکے ہیں۔

یہ نئی ویڈیو القاعدہ کی جانب سے پانچ اپریل کو جاری کی گئی ہے جس میں ایمن الظواہری کو ایک ایسے واقعے کے بارے میں بات کرتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے جو آٹھ فروری کو پیش آیا۔

انڈیا کی عظیم خاتون

یہ واقعہ انڈیا کی مسلمان خاتون مسکان خان کا ہے جن کو حجاب کے تنازعے کے بعد دنیا بھر میں شہرت ملی۔

حجاب

،تصویر کا ذریعہVIRAL VIDEO

یہ بھی پڑھیے

القاعدہ کی جانب سے اس ویڈیو کو انگریزی میں انڈیا کی عظیم خاتون کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں ایمن الظواہری مسکان خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کو حجاب پہننے پر انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹکا میں چند افراد نے ہراساں کیا تھا اور یہ ان کی جانب سے جواب میں نعرہ لگانے کی ویڈیو فروری میں وائرل ہوئی تھی۔

اس ویڈیو میں القاعدہ کے سربراہ بظاہر تندرست نظر آتے ہیں۔

اس ویڈیو کو ایسی جگہ پر فلم بند کیا گیا ہے جو ماضی میں ان کی ویڈیوز کے پس منظر سے مختلف ہے اور یہ ایک اور نشانی ہے کہ اس ویڈیو کو حال ہی میں ریکارڈ کیا گیا اور یہ کوئی پرانی ویڈیو نہیں۔

القاعدہ سربراہ ایمن الظواہری

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس سے پہلے اکتوبر 2020 میں جب ایمن الظواہری کی موت اور بیماری کی خبریں اور افواہیں منظر عام پر آنا شروع ہوئی تھیں تو القاعدہ کی جانب سے متعدد ویڈیوز منظر عام پر آئیں۔

لیکن ان تمام ویڈیوز میں ایمن الظواہری تاریخی واقعات اور نظریاتی عنوانات پر بات کرتے نظر آئے جس سے یہ ثابت کرنا مشکل تھا کہ یہ ویڈیوز واقعی نئی ہیں۔ یہ تاثر مضبوط ہوتا گیا کہ ایمن الظواہری کی موت یا بیماری سے متعلق افواہیں درست ہیں۔

القاعدہ رہنما کی تازہ ترین ویڈیو تقریبا پونے نو منٹ طویل ہے جس کو تنظیم کے الشباب میڈیا سیل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور ٹیلی گرام اور راکٹ چیٹ اکاوئنٹ کے ذریعے نشر کیا گیا ہے۔