چین کی کمیونسٹ پارٹی: چینی میڈیا اس بیانیے کو کیوں فروغ دے رہا ہے کہ ملک کی ترقی کا راز کمیونسٹ پارٹی کے پاس ہے؟

صدر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, بی بی سی
    • عہدہ, مانیٹرنگ

حالیہ ماہ میں چین کے ذرائع ابلاغ میں ’تاریخ پر اعتماد‘ کے موضوع پر تسلسل کے ساتھ تبصرے شائع کیے جا رہے ہیں جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ حکمران کیمونسٹ پارٹی اس موضوع کی تشہیر کرنا چاہتی ہے۔

چین کی کیمونسٹ پارٹی اس وقت 'چار اعتمادی' ڈاکٹرائین یعنی راہ عمل، نظریہ، نظام اور چینی خصوصیات کے ساتھ سوشلزم کو اپنائے ہوئے ہے۔

تائیوان اور ہانگ کانگ کے ذرائع ابلاغ میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید ’تاریخ پر اعتماد‘ کا خیال چین کی کیمونسٹ پارٹی کے اعتمادی ڈاکٹرائین میں ایک نیا اضافہ ہو گا۔ کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ 'تاریخ پر اعتماد' کے خیال کو فروغ صدر شی جن پنگ کی پوزیشن کو مضبوط کرنے کے لیے دیا جا رہا ہے۔

کیمونسٹ پارٹی کا ’اعتماد ڈاکٹرائین کیا ہے؟

چین کی کیمونسٹ پارٹی تاریخ پر اعتماد کے ڈاکٹرائن کو چین کی ترقی کا ایسا عمل گردانتی ہے جو ناقابل تنسیخ ہے۔ کمیونسٹ پارٹی اپنے ممبران سے کہتی ہے کہ وہ پارٹی کی صلاحیت پر یقین رکھیں کہ وہ ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں کی اور ملک کو ایک بار عہد شباب میں لے جانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

صدر شی جی پنگ نے ’تاریخ پر اعتماد‘ کا پہلی بار ذکر 11 نومبر 2021 میں کمیونسٹ پارٹی کی چھٹی پلینم کے موقع پر کیا تھا جب انھوں نے گذشتہ صدی میں چین کی کامیابیوں کی تشہیر کی تھی۔ صدر شی نے کہا تھا کہ اس قرارداد میں سی سی پی کے تاریخ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

صدر شی جن پنگ نے ایک ماہ بعد ایسی ’صحیح تاریخ‘ کو فروغ دینے کی بات کی تھی جس پر پوری پارٹی متفق ہو۔

چین

،تصویر کا ذریعہGetty Images

حالیہ دنوں میں چین کے ذرائع ابلاغ پر 'تاریخ پر اعتماد' کے نظریے کی ترویج کے حوالے سے سی سی پی پارٹی کے سکول پروفیسر وانگ زوبن نے کہا ہے کہ تاریخ پر اعتماد کا خیال دراصل چار اعتمادی نظریہ کی ایک اور جہت ہے جس پر سوچ و بچار کی ضرورت ہے۔

چین کے ذرائع ابلاغ میں چین کو جدید سوشلسٹ ملک بنانے، کمیونسٹ پارٹی کو نمایاں سیاسی پارٹی بنانے اور حتیٰ کہ تائیوان کے مسئلے کو حل کرنے سے متعلق تبصروں میں بھی ’تاریخ پر اعتماد‘ کے نظریے کو زیر بحث لایا جا رہا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی ’تاریخ پر اعتماد‘ کے خیال کو کیوں فروغ دے رہی ہے؟

چین کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر درپیش مسائل کی وجہ سے کمیونسٹ پارٹی کی انتظامی صلاحیت اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کی صلاحیت پر شکوک کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

'تاریخ پر اعتماد' کے نظریے کے فروغ کے ذریعے چین کے حکمران لوگوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کمیونسٹ پارٹی کی تاریخ شاندار ہے اور کمیونسٹ پارٹی شی جن پنگ کی قیادت میں عظیم کامیابیاں حاصل کرنے کے اہل ہے۔

تاریخ پر اعتماد کا نظریہ کیا ہے؟

چائنا میڈیا گروپ کے صدر شن ہائیزیانگ نے دسمبر میں شائع ہونے والے ایک ادارتی کالم میں خیال ظاہر کیا کہ تاریخ پر اعتماد کا نظریہ کیمونسٹ پارٹی کی حالات کا صحیح تجزیہ کرنے کی صلاحیت سے آیا ہے۔

شین ہائیزیانگ نے اپنے کالم میں لکھا کہ کمیونسٹ پارٹی عظیم حکمران اور مفکر شی جن پنگ کی قیادت میں تاریخ کے اس موقع پر قومی اور پارٹی کے حالات کو صحیح انداز میں پرکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

چین

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کیمونسٹ پارٹی کے ترجمان روزنامہ پیپلز ڈیلی میں شائع ہونے والے ایک تبصرے میں کہا گیا ہے کہ کیمونسٹ پارٹی کی سو سالہ تاریخ اسے لوگوں کو متحد کرنے اور نئے منزل اور نئی کامیابیوں حاصل کرنے کا اعتماد فراہم کرتی ہے۔

کیا اگلی کانگریس میں پانچ نکاتی اعتمادی ڈاکٹرائین کو متعارف کرایا جائے گا

جس انداز میں 'تاریخ پر اعتماد 'کے خیال کو فروغ دیا جا رہا ہے اس سے لگتا ہے کہ 'تاریخ پر اعتماد' کے خیال کو سی سی پی کی کانگریس میں پانچ اعتماد ڈاکٹرائن کا حصہ بنا لیا جائے گا جس سے صدر شی جن پنگ کی پارٹی مضبوط ہو جائے گی اور ان کا اقتدار 2022 سے بھی آگے بڑھ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ہانگ کانگ کے ایچ کے زیرو ون نے 14 جنوری کو لکھا کہ ’تاریخ پر اعتماد' کا خیال 'چار اعتماد' کے نظریے سے مطابقت رکھتا ہے جو کمیونسٹ پارٹی کو قانونی جواز فراہم کرتا ہے۔

اس لیے یہ گمان صحیح ہے کہ سی سی پی جو ہمیشہ تاریخ کی اپنی تشریح کو منوانے میں بہت حساس ہے، وہ چار اعتمادی ڈاکٹرائین میں ترمیم کر کے اس پانچ اعتمادی ڈاکٹرائین میں بدل دے۔

تائیوان کے سٹورم میڈیا میں چین کے ایک منحرف رائٹر جاؤ فالن کے حوالے سے لکھا ہے کہ تاریخ پر اعتماد کا نظریہ دراصل احساس کمتری کی عکاسی کرتا ہے۔

اس مضمون میں صدر شی جن پنگ کے بارے میں چالیس ہزار الفاظ پر مشتمل ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر صدر شی جی پنگ نے اپنے دور اقتدار کو 2022 سے آگے بڑھا بھی لیا تو وہ 2027 تک اپنے آپ کو بالکل تباہ کر لیں گے۔