امریکی شخص گھر میں 124 زہریلے سانپوں کے درمیان مردہ پایا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں ایک شخص اپنے گھر میں مردہ پایا گیا ہے جس کے پاس درجنوں سانپ تھے جن میں سے زیادہ تر زہریلے ہیں۔
امریکی ریاست میری لینڈ میں ہسمایوں نے اس شخص کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی جو اپنے گھر کے فرش پر پڑا تھا۔
جب پولیس افسران گھر میں داخل ہوئے تو اُنھیں 124 سانپ ملے جن میں اژدہا، کوبرا اور ناگ شامل تھے۔ ان میں سے بہت سے سانپ زہریلے تھے۔
ان میں 14 فٹ لمبا برمی اژدہا بھی تھا۔
اگرچہ یہ سانپ ٹینکوں میں تھے پھر بھی سانپوں سے متعلق ماہرین کو طلب کیا گیا۔
انچاس سالہ نامعلوم شخص کو موقع پر ہی مردہ قرار دیا گیا۔ موت کی وجہ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ شک کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قریبی چارلس کاؤنٹی اینیمل کنٹرول سینٹر شمالی کیرولائنا اور ورجینیا کے ماہرین کی مدد سے ان سانپوں کو منتقل کرنے اور اُنھیں دوبارہ بسانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
میری لینڈ میں زہریلے سانپ رکھنا غیر قانونی ہے۔
سینٹر کے ایک ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام سانپوں کو ریاست سے باہر کی تنظیموں کے پاس مناسب اتھارٹی، پرمٹ اور لائسنس کے ساتھ رکھا گیا ہے۔‘
اُنھوں نے مزید کہا کہ کچھ سانپوں کو ممکنہ طور پر منظور شدہ ہینڈلرز کے ذریعہ نجی طور پر گود لیا جائے گا۔










