فرانس: میت کے جسم سے زیورات چوری کرنے والی خاتون گرفتار

،تصویر کا ذریعہROBERT HOETINK/GETTY IMAGES
فرانس کی پولیس نے ایک 60 سال کی خاتون کو میت کے جسم سے زیورات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
چوری کا یہ واقعہ شمالی شہر لیفان میں پیش آیا۔
سوگوار خاندان نے تدفین کے دوران میت کے پاس ایک نامعلوم خاتون کو دیکھا تو انھیں ان کی موجودگی پر کوئی شکوک وشبہات نہیں ہوئے۔
خاتون نے بتایا کہ وہ مرنے والے کی دوست تھی تو گھر والوں نے اسے کھلے تابوت کے پاس اظہار عقیدت کے لیے تنہا چھوڑ دیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق جب اہلخانہ واپس آئے تو انھوں دیکھا کہ میت کے زیوارت غائب ہیں۔ ان کے گلے کا ہار، انگوٹھی اور بالیاں سب کی سب غائب ہیں۔
اہلخانہ نے پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے فوری طور پر تفتیش کرتے ہوئے مشتبہ ملزم کی شناخت کی۔ مشتبہ ملزم ایک ساٹھ سال کی خاتون ہے جو اس جگہ کے قریب رہتی ہیں جہاں سوگوار خاندان کی رہائش ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے خاتون کو گرفتار کر کے ان کے پاس سے گمشدہ زیورات برآمد کر لیے ہیں۔
لیکن اتنا ہی نہیں۔ پولیس نے اسی گھر کے ایک شخص کے بٹوے کی چوری کا الزام بھی اسی خاتون پر عائد کیا۔ یہ واقعہ 24 اگست منگل کے روز کا ہے۔
جب مشتبہ خاتون کے گھر کی تلاشی لی گئی تو پولیس کو وہاں حالیہ دنوں میں ہونے والی اموات کی خبروں کے تراشے بھی ملے۔ ان میں اہلخانہ کے گھر اور خصوصی کمرے میں داخل ہونے کے کوڈ بھی درج تھے جہاں تابوت میں میت رکھی جانی تھی۔
ملزمہ کو اگلے سال سنہ 2022 میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔











