ڈینیئل کنہان: یورپ کے بڑے منشیات فروش گروہ کا سربراہ جس کا اب بھی باکسنگ کی دنیا پر اثر و رسوخ ہے

ڈینئل کنہان

،تصویر کا ذریعہSOLARPIX

بی بی سی کے پروگرام پینوراما کی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ جرم کی دنیا کا ایک مشتبہ شخص اب بھی عالمی سطح پر باکسنگ کے کھیل کے لیے کام کر رہا ہے۔

ڈنینئل کنہان پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوا ہے لیکن ان کا نام آئرلینڈ کی عدالتوں میں یورپ کے منشیات کے بڑے گروہوں میں سے ایک کے سربراہ کے طور پر سامنے آیا ہے۔

اس مشتبہ گینگسٹر نے باکسنگ مینجمنٹ بزنس ’ایم ٹی کے گلوبل‘ کو قائم کرنے میں مدد کی تھی، لیکن گذشتہ برس اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اس کھیل سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

لیکن کمپنی ایم کے ٹی گلوبل نے اب اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اب بھی اس کمپنی کے چند باکسرز کی مشاورت کرتے ہیں۔

بی بی سی پینوراما نے باکسنگ کے کھیل سے جڑے بہت سے افراد سے بات کی ہے جنھوں نے کنہان کی باکسنگ کے کھیل میں طاقت اور اثر رسوخ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سابق عالمی چیمئین بیری مک گوئگن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنسابق عالمی چیمئین بیری مک گوئگن کا کہنا ہے کہ کنہان ایک ’خطرناک شخص ہے‘

سابق باکسنگ عالمی چیمئین بیری مک گوئگن کا کہنا تھا کہ کنہان کے نام سے دہشت کا عنصر جڑا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس سب میں ایک دباؤ اور خوف کا اثر تھا، اس سے متعلق کسی سوال کی گنجائش نہیں ہے۔ اگر ہم اس کے بارے میں وہ ہی گمان کریں جو ہم کرتے تھے تو یہ ایک بہت خطرناک آدمی ہے۔'

انھوں نے کہا کہ 'کسی کو کھیل کی طرف توجہ دینی ہوگی، انھیں اس صورتحال کا بہت دھیان اور خیال سے جائزہ لینا ہو گا کیونکہ یہ بہت زیادہ خطرناک ہے۔'

آئرلینڈ کی عدالتوں نے یہ تسلیم کیا ہے کہ کنہان نامی منظم جرائم پیشہ گروہ منشیات کی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور گینگ وار ہلاکتوں میں ملوث ہے۔

کنہان سنہ 2016 میں دبئی منتقل ہوگئے تھے اور پولیس کا خیال ہے کہ کنہان کا خاندان اب وہاں سے منشیات کا کاروبار چلا رہا ہے۔

گذشتہ برس جون میں عالمی باکسنگ میں ان کے کردار کی وجہ سے شور مچ گیا تھا جب یہ انکشاف ہوا تھا کہ وہ برطانوی چیمپیئن انتھونی جوشوا کے ساتھ متوقع ٹائٹل مقابلے سے قبل ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن ٹائسن فیوری کے ذاتی مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔

کنہان کی باکسنگ کے کھیل میں مداخلت کو برطانیہ اور آئرلینڈ دونوں پارلیمانوں میں اٹھایا گیا تھا لیکن اس وقت تنقید ختم ہو گئی تھی جب اس بات کا اعلان کیا گیا کہ وہ کھیل سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

تاہم بی بی سی پینوراما کی تحقیقات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا ہے۔

ایم ٹی کے گلوبل کمپنی کے وکلا نے بی بی سی پینوراما کو بتایا کہ 'یہ بات درست ہے کہ کنہنان نے کمپنی کے زیر انتظام چند باکسرز کو ذاتی مشورے دیے ہیں اور ہمیں یہ ہدایت کی گئی ہے کہ کنہان ایسے باکسرز کو بھی ایسی مشاورتی خدمات مہیا کرتے ہیں جو دنیا بھر کی دیگر باکسنگ مینجمنٹ کمپنیوں کے ذریعہ کھیلتے ہیں۔'

برطانوی باکسر انتھونی جوشوا (دائیں) اور ٹائسن فیوری (بائیں)

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبرطانوی باکسر انتھونی جوشوا (دائیں) اور ٹائسن فیوری (بائیں)

ان وکلا کا کہنا ہے کہ کنہان نے کبھی بھی ایم کے ٹی گلوبل کپمنی کے مالک، ملازم یا اس کا انتظام چلانے والے کی حیثیت سے کام نہیں کیا ہے۔

بی بی سی پینوراما نے باکسر فیوری سے سوال کیا کہ کیا کنہان اب بھی ان کے ذاتی مشیر ہیں لیکن انھوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا۔

کنہان کے گروہ سے وابستہ 30 سے زیادہ افراد پہلے ہی آئرلینڈ کی جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

بی بی سی پینوراما کے خیال میں آئرش حکام ان کے گینگ کے دیگر ارکان کو متحدہ عرب امارات سے ملک بدر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

آئرش پولیس کے ایک اسسٹنٹ کمشنر جان او ڈرسکول نے کہا کہ وہ گروہ کے ارکان کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے ہیں، لیکن انھوں نے کسی نام کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔

پینوراما کو یہ اطلاعات بھی ہیں کہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی (ڈی ای اے) اس گینگ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ڈی ای اے نے کہا کہ وہ کنہان کارٹیل کی سرگرمیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں کیونکہ تحقیقات ابھی جاری ہے۔

کنہنان کے وکلا کا کہنا ہے کہ ان پر کوئئ جرم ثابت نہیں ہوا ہے اور ان کے خلاف پرتشدد گروہ کے سرغنہ ہونے کے الزامات جھوٹے ہیں اور ان کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'انھیں آج تک باکسنگ کے کھیل میں اپنے ریکارڈ پر فخر ہے۔ انھوں نے ایمانداری کی بنیاد پر اور کھلاڑیوں کی ضروریات کو اولین ترجیح دینے کے عزم کے ساتھ کام کیا۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مسٹر کنہنان اپنے طور پر باکسنگ انڈسٹری میں ایک کامیاب اور آزاد مشیر ہیں۔ یہ بات عوامی ریکارڈ کا حصہ ہے کہ وہ ایم ٹی کے گلوبل کے کاروبار سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔'