ادِتیا سنگھ: کووِڈ کے خوف سے ’تین ماہ سے ایئرپورٹ پر رہائش پذیر‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے ڈر سے پرواز کرنے سے خوفزدہ تھا اور تین ماہ تک شکاگو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ایک سکیور ایریا یعنی ممنوع علاقے میں رہتا رہا۔
اگرچہ حالات اور حقائق مختلف ہیں مگر یہ خبر پڑھ کر شاید بہت سے قارئین کو سنہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دا ٹرمینل‘ یاد آ جائے جس میں اداکار ٹام ہینکس نو ماہ تک نیویارک ایئرپورٹ پر رہے۔
ادِتیا سنگھ کو، جن کی عمر 36 سال ہے، سنیچر کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب ایئر لائن کے عملے نے ان سے اپنی شناخت کروانے کو کہا۔
انھوں نے ایک بیج دکھایا، مگر وہ مبینہ طور پر ایک آپریشنز منیجر کا تھا جس نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ اکتوبر میں درج کروائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ادِتیا سنگھ 19 اکتوبر کو ایک فلائٹ پر لاس اینجیلس سے اوہیئر انٹرنیشل ایئرپورٹ آئے تھے۔
اخبار شکاگو ٹریبیون کے مطابق ریاست کی وکیل استغاثہ کیتھلِین ہیگرٹی نے کہا ہے کہ ادِتیا سنگھ کو ایئرپورٹ پر عملے کا ایک بیج ملا اور وہ ’کووڈ کی وجہ سے گھر جانے سے خوفزدہ تھے۔‘
وکیل استغاثہ نے جج کو بتایا کہ وہ دوسرے مسافروں سے ملنے والی غذائی امداد پر زندہ رہے۔
کُک کاؤنٹی کی جج سوزانا اورٹِز نے اس مقدمے کے حالات و واقعات پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جج نے وکیل استغاثہ کو، جنھوں نے اتوار کے روز فرد جرم عائد کی، مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’اگر میں آپ کی بات ٹھیک طرح سے سمجھی ہوں، تو آپ یہ کہہ رہی ہیں کہ ایک غیر مجاز شخص، جو وہاں ملازم بھی نہیں تھا مبینہ طور پر اوہیئر ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں 19 اکتوبر سے 16 جنوری تک رہتا رہا، اور کسی کو پتا بھی نہیں چلا۔ میں آپ کی بات کو صحیح طرح سے سمجھنا چاہتی ہوں۔‘
وکیلِ صفائی کورٹنی سمال ووڈ کے مطابق ادِتیا سنگھ لاس اینجیلس کے مضافات میں رہتے ہیں اور کسی طرح کا مجرمانہ پس منظر نہیں رکھتے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ شکاگو کیا کرنے گئے تھے۔
ان پر ایئرپورٹ کے ممنوعہ علاقے میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے اور شناخت کے بارے میں غلط بیانی کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ ان کے ایئرپورٹ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
شہر کے ہوائی اڈوں کی نگرانی کرنے والے شکاگو ڈیپارٹمنٹ آف ایوی ایشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، تاہم ان کے مطابق مذکورہ شخص ایئرپورٹ یا دوسرے مسافروں کے لیے کسی طرح کا خطرہ نہیں تھا۔










