ہالی وڈ کے اداکار ٹام ہینکس کا آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کورونا نامی بچے کے نام خط اور تحفہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی اداکار ٹام ہینکس نے اپنے اس ننھے آسٹریلین مداح کو خط کے ساتھ ایک کورونا برانڈ کا ٹائپ رائٹر تحفے میں بھیجا ہے جس کا کہنا تھا کہ اسے اس کے نام کی وجہ سے تنگ کیا جاتا ہے۔ اس بچے کا نام کورونا ہے۔
جب امریکی اداکار اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن کوئینز لینڈ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد بیمار ہوئے تھے تو آٹھ برس کے آسٹریلین بچے کورونا ڈی وریز نے ’ٹوئے سٹوری‘ کے امریکی اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن کو نیک تمناؤں کے اظہار کے لیے خط لکھا تھا۔
اس خط میں آسٹریلین مداح نے لکھا تھا کہ ’مجھے خبروں سے پتا چلا ہے کہ آپ دونوں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کیا آپ خیریت سے ہیں؟‘
آسٹریلین بچے نے خط میں لکھا کہ انھیں اپنے نام سے محبت ہے لیکن انھیں سکول میں ’کورونا وائرس‘ پکارا جا رہا ہے۔
’جب لوگ مجھے اس طرح پکارتے ہیں تو مجھے بہت افسوس ہوتا ہے اور غصہ آتا ہے‘۔
اس خط کے جواب میں ٹام ہینکس نے خط کا آغاز ہی ان الفاظ سے کیا ’ڈیئر فرینڈ کورونا‘۔

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

ٹام ہینکس نے لکھا ’آپ کے خط نے میری اہلیہ اور مجھے بہت راحت پہنچائی۔ اتنے اچھے دوست ہونے پر آپ کا بہت شکریہ۔ مشکل میں دوست ہی دوستوں کو خوشگوار احساسات دلاتے ہیں‘۔
’گولڈ کوسٹ‘ میں تین ہفتے گزارنے کے بعد ٹام اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہو کر مارچ میں واپس امریکہ چلے گئے تھے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار نے اپنے ننھے مداح کو لکھا کہ انھیں پہلی بار کسی ایسے فرد کے بارے میں معلوم ہوا ہے جس کا نام کورونا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ’یہ سورج کے گرد دائرہ بنائے ’کراؤن‘ (تاج) جیسا ہے‘۔
ٹام نے کورونا برانڈ والے ٹائپ رائٹر کو جسے وہ خود قرنطینہ میں استعمال کرتے رہے، بطور تحفہ کورونا ڈی وریز کو بھیج دیا۔
امریکی اداکار نے اپنے خط میں لکھا ’میرے خیال میں یہ ٹائپ رائٹر آپ کو جچے گا۔ میں اسے گولڈ کوسٹ لے کر گیا تھا اور اب یہ (آسٹریلیا میں) آپ ہی کو واپس چلا گیا ہے۔ کسی بڑے سے پوچھیں کہ اسے کیسے استعمال کرتے ہیں اور پھر اس سے مجھے جوابی خط لکھیں‘۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو Instagram کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے Instagram ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
Instagram پوسٹ کا اختتام
ڈی وریز کے خاندان نے آسٹریلین میڈیا نائن نیوز کو، جس کے توسط سے انھوں نے کورونا کا یہ خط ٹام ہینکس تک پہنچایا تھا، بتایا کہ کورونا امریکہ میں ایک نیا دوست بنانے پر بہت خوش ہے۔
بچے کے خاندان کے مطابق کورونا نے ٹام ہینکس سے رابطہ فلم ٹوئے سٹوری کی وجہ سے کیا تھا۔
ٹام نے اپنے خط کا اختتام اپنی مشہور فلم کے ’تھیم سانگ‘ کے چند الفاظ سے کیا ’پی ایس! یو گاٹ اے فرینڈ اِن می۔‘
گذشتہ ماہ ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ نے آسٹریلیا کا سفر کیا جہاں ریٹا ولسن نے کئی کنسرٹس میں گایا اور ٹام نے ایلوس پریسلے کی زندگی پر فلم بنانا شروع کرد ی، جس کی ہدیات کاری باز لہرمان نے کی۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ٹام اور ریٹا ولسن امریکہ میں ہی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے یا پھر ایسا اس وقت ہوا ہوگا جب وہ امریکہ سے آسٹریلیا سفر کر رہے تھے۔













